Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خصوصی اجازت، 180 پروازیں سعودی عرب جائیں گی

سعودی عرب کے لیے پروازوں کا پہلا مرحلہ 30 ستمبر کو مکمل ہوا تھا: فائل فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کو ماہانہ 92 پروازوں کے علاوہ 88 خصوصی پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے خصوصی پروازوں کی اجازت ملنے کے بعد کے بعد رواں ماہ 180 پروازیں سعودی عرب جائیں گی۔
پاکستان کی جانب سے 118 خصوصی پروازوں کی اجازت مانگی گئی تھی تاہم سعودی حکومت کی جانب سے 88 پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے اردو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ’اس وقت پی آئی اے کی ہفتہ وار 23 پروازیں سعودی عرب جا رہی ہیں اور اتنی ہی تعداد میں پروازیں وہاں سے آتی ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’موجودہ حالات میں پاکستان سے جانے والوں کی تعداد زیادہ اور آنے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے روزانہ جدہ کے لیے ایک پرواز ہے جبکہ دمام ریاض اور مدینہ کے لیے بھی پروازیں جا رہی ہیں۔‘
ترجمان کے مطابق ’کراچی، لاہور، اسلام آباد کے علاوہ سعودی عرب کے لیے پشاور، ملتان اور سیالکوٹ سے پروازیں جا رہی ہیں اور خصوصی پروازوں کا شیڈول بھی جاری کیا جا رہا ہے۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’سعودی حکومت کی جانب سے بیرون ملک سے افراد کو واپسی اور فضائی آپریشن کی بحالی کے بعد اچانک سے ٹکٹوں کی طلب میں اضافہ ہوا کہ پروازیں کم پڑ گئیں اور کچھ مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اب صورت حال معمول پر آ چکی ہے اور دونوں اطراف سے سیٹیں دستیاب ہیں۔‘
دوسری جانب یہ بھی امید کی جا رہی ہے کہ دیگر ممالک سے عمرہ زائرین کو اجازت ملنے کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ سعودی حکومت نے 15 ستمبر سے کورونا وائرس کے باعث عائد کی گئی سفری پابندیاں جزوی طور پر ہٹا دی تھیں جس کے بعد پاکستان میں موجود اقامہ ہولڈرز کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب جانے کی خواہش مند تھی۔
سعودی حکومت کی جانب سے جزوی طور پر سفری پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی سعودی عرب کے لیے پروازوں کا پہلا مرحلہ 30 ستمبر کو مکمل ہوا تھا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں
 

شیئر: