Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا وائرس کے 70 لاکھ مریض

انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 75 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا کی وبا بے قابو نظر آتی ہے اور اتوار کو ملک میں وائرس کے مریضوں کی تعداد 70 لاکھ سے بھی بڑھ گئی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے انڈین وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 75 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق انڈیا میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 70 لاکھ 53 ہزار 806 ہو چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 8 ہزار 334 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

 

انڈیا میں وبا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 60 لاکھ 77 ہزار 976 ہے۔
کورونا متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے انڈیا، امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ میں اب تک 77 لاکھ 19 ہزار 600 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ ملک میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 14 ہزار 379 ہو چکی ہے۔  
برازیل میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ ملک میں 50 لاکھ 82 ہزار 637 مریض ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ ایک ارب 30 کروڑ آبادی کے ملک میں ٹیسٹوں کی شرح دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
گذشتہ برس چین سے پھیلنے والی اس وبا سے اب تک دنیا میں 3 کروڑ 72 لاکھ 67 ہزار 921 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ کورونا سے دنیا میں 10 لاکھ 73 ہزار 780 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔
دنیا بھر میں 2 کروڑ 59 لاکھ 23 ہزار 754 افراد کورونا وائرس کی وبا سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

شیئر: