Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری

کراچی کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں (فوٹو: اے ایف) پی
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے دن کے اوقات میں بلا ضرورت گھر سے نکلنے سے منع کیا ہے۔
پیر کو جاری ایک بیان میں محکمہ موسمیات کراچی کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے عوام کو آگاہ کیا کہ رواں ہفتے ہیٹ ویو کا اندیشہ ہے۔ تفصیلات دیتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ممکنہ ہیٹ ویو کے دوران کراچی میں شمال اور شمال مغرب سے ہوائیں چلیں گی اور موسم خشک اور گرم رہے گا۔
اگلے چھ سے آٹھ دن تک جاری رہنے والی اس ممکنہ ہیٹ ویو میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، اور یہ صورت حال پورے شہر کے موسم پر اثرانداز ہو گی۔
ممکنہ ہیٹ ویو کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں، خاص طور پر دن 11 بجے سے شام چار بجے تک بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
آج بھی شہر میں موسم خشک اور گرم رہا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا۔
اردو نیوز نے بات کرتے ہوئے سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی کے موسم میں اکتوبر، مئی کے بعد سال کا دوسرا گرم ترین مہینہ ہوتا ہے۔
’اکتوبر کا اوسط درجہ حرارت 35.5 سینٹی گریڈ تک ہوتا ہے، جبکہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 سینٹی گریڈ تک جا چکا ہے۔‘
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ مئی کی نسبت اکتوبر کی ہیٹ ویو اتنی خطرناک نہیں ہوتی جس کی وجہ ہوا میں نمی کا کم تناسب ہے۔
’مئی میں ہوا میں نمی کا تناسب خاصا زیادہ ہوتا ہے، اس لیے ہیٹ ویو کافی خطرناک ثابت ہوتی ہے۔ البتہ اکتوبر میں یہ تناسب کم ہونے کی وجہ سے ہیٹ ویو جان لیوا ثابت نہیں ہوتی۔ جتنا درجہ حرارت آج ہے، یہی اگر مئی میں ہوتا تو صورت حال نہایت مختلف ہوتی۔‘

شیئر: