Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصباح الحق اب چیف سلیکٹر نہیں رہے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر  کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے اور اب سے وہ بطور ہیڈ کوچ فرائض انجام دیں گے۔
بدھ کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ’کوئی دباؤ نہیں تھا، چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنا میرا اپنا فیصلہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’چیئرمین پی سی بی یا بورڈ سے نوک جھونک کی باتیں درست نہیں ہیں، قومی ٹیم کی کوچنگ پر فوکس رکھنا چاہتا ہوں۔‘
مصباح الحق نے بتایا کہ وہ چیف سلیکٹر کی ذمہ داری 30 نومبر تک نبھائیں گے۔’بورڈ کی جانب سے میرے پاس یہ آپشن تھا کہ میں اپنی مرضی سے کوئی عہدہ چھوڑوں، میں نے پی سی بی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی یا وزیراعظم عمران خان سے ملاقات استعفی کی وجہ نہیں ہے‘۔
سابق کپتان مصباح الحق کو انگلینڈ کے خلاف ٹیم کی خراب پرفارمنس پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی ان سے صرف ایک عہدہ رکھنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
مصباح الحق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قائم کردہ 5 رکنی پینل کا متفقہ انتخاب تھے اور ان کو چیف سلیکٹر کے ساتھ  ہیڈ کوچ بھی بنایا گیا تھا۔ اس فیصلے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید بھی دیکھنے کو ملی تھی کہ ایک ہی شخص کو کیسے دونوں ذمہ داریاں دی جا سکتی ہیں۔

شیئر: