Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف نے کراچی واقعے کا نوٹس لے لیا، انکوائری کا حکم

’ آرمی چیف نے کور کمانڈر کراچی سے کہا ہے کہ واقعے کی انکوائری کر کے رپورٹ دیں۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
پاکستان کی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں اس حوالے سے کہا ہے کہ آرمی چیف نے کور کمانڈر کراچی سے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر کے رپورٹ دیں۔
بلاول ہاؤس کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے بلاول بھٹو کو ٹیلیفون کیا ہے اور بلاول بھٹو نےکراچی واقعے پر شفاف انکوائری کروانے پر آرمی چیف کےاحکامات کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو مزار قائد کی بے حرمتی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

 

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے  ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ پولیس نے ہوٹل میں ان کے کمرے کا دروازہ توڑا اور کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیا گیا۔
اس واقعے کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما شاہ محمد شاہ نے مقامی ٹی وی چینل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا تھا کہ اس حوالے سے ان پر بہت زیادہ پریشر تھا۔
پیپلز پارٹی نے بھی گرفتاری سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا اور سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایت پر نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق ایف آئی آر میں اندراج مقدمہ کا ٹائم بھی غلط لکھا گیا ہے۔
انہوں نے اس واقعے کو پی ڈی ایم کی جماعتوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازش قرار دیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر سوال گردش کر رہا تھا کہ اگر سندھ حکومت اس واقعے کے بارے میں لاتعلقی سے اظہار کیا ہے اور پولیس کی جانب سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا تو اچانک کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے احکامات کہاں سے آئے؟

وزیراعلی سندھ نے کہا جس طرح کیپٹن صفدر کو گرفتار کیا گیا اس پر تحفظات ہیں (فوٹو اردو نیوز)

اسی تناظر مں وزیرعلیٰ سندھ نے منگل کی دوپہر کو پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ جب ہم صبح اٹھے تو پتہ چلا کہ مقدمہ درج ہو چکا ہے، اور جو صاحب مقدمے میں نامزد تھے انہیں گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
باقائدہ پلاننگ کر کے جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا جس طرح کیپٹن صفدر کو گرفتار کیا گیا اس پر تحفظات ہیں۔
پیر کو کراچی میں مریم نواز اور پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ مجھے ایک لمحے کے لیے بھی یہ نہیں لگا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے پیچھے سندھ حکومت کا ہاتھ ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر کے پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں سمجھ ہے کہ کیا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ ہمیں اس بات کا علم تھا کہ ایسی کارروائیاں کی جائیں گی اور ہم اس کے لیے تیار ہیں۔‘

 

شیئر: