Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیٹے کا جرم لیکن باپ پر 70 ہزار درہم ہرجانہ

عدالت نے مقدمے کے اخراجات اور وکیل کی فیس بھی ادا کرنے کا حکم دیا- فوٹو: الامارات الیوم
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں سول کورٹ نے ایک عرب بچے کی جانب سے ایشیائی بچے کو زدوکوب کرنے پر عرب بچے کے باپ کو 70 ہزار درہم  ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ایک ایشیائی خاتون نے عدالت سے رجوع کر کے کہا تھا کہ عرب بچے نے اس کے بیٹے کو مارا پیٹا اور اسے برا بھلا کہا۔ اس کے بیٹے کو پہنچنے والے جسمانی و اخلاقی نقصان کا معاوضہ بچے کے باپ سے دلوایا جائے۔ 
دبئی  کی ایک پرائمری کورٹ نے زدوکوب کرنے پر ایشین بچے کے لیے پانچ ہزار درہم کے جرمانے کا فیصلہ سنایا تھا- عدالت نے موقف اختیار کیا تھا کہ مارپیٹ کی وجہ سے بچہ 20 دن تک اپنے کام کاج سے بھی معذور ہوگیا تھا- پرائمری کورٹ نے سول امور نمٹانے کے لیے معاملہ سپیشلسٹ کورٹ بھیج دیا تھا- 
 عرب لڑکے نے مدعی خاتون کے بیٹے کے ساتھ مار پیٹ کر کے اس کی ناک توڑ دی تھی۔ ناک کے آپریشن پر بھاری اخراجات آئے تھے۔ خاتون نے اپنے مطالبات میں سارے نقصانات کا معاوضہ طلب کیا تھا۔ عرب شہری کے وکیل نے ایشیائی خاتون کا دعویٰ مسترد کرنے اور مقدمے کے جملہ اخراجات ادا کرنے کا الٹا مطالبہ کیا تھا۔
بعد ازاں سول کورٹ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ایشین خاتون کے بچے کو پہنچنے والے نقصان پر پچاس ہزار درہم اور اخلاقی نقصان پر بیس ہزار درہم کا معاوضہ دیا جائے۔  
عدالت نے حکم دیا کہ عرب باپ اپنے بیٹے کی طرف سے یہ معاوضہ ادا کرے۔ عدالت نے مقدمے کے اخراجات اور وکیل کی فیس بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: