Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: غریب بستیوں میں ننگے پاؤں علاج کرنے والا مسیحا

ڈاکٹر رام چندر دانیکر گذشتہ 60 برسوں سے غریبوں کا علاج کر رہے ہیں (فوٹو: اے این آئی)
کورونا وائرس کی وبا کے باعث جہاں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے وہیں دوردراز کے علاقوں میں صحت کی سہولیات بھی متاثر ہیں تاہم انڈیا میں 87 برس کے ایسے ڈاکٹر بھی ہیں جو ننگے پاؤں سائیکل پر چل کر غریبوں کا علاج کرتے ہیں۔
انڈین ریاست مہاراشٹر کے شہر چندر پور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر رام چندر دانیکر کورونا وائرس کی وبا کے دوران روزانہ سائیکل پر 10 سے 15 کلومیٹر گھر گھر جا کر غریب مریضوں کی تشخیص کرتے رہے۔
انڈین خبررساں ایجنسی اے این سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر رام چندر دانیکر نے بتایا کہ وہ ہومیو پیتھک ڈاکٹر ہیں اور گذشتہ 60 برسوں سے غریبوں کا علاج کر رہے ہیں۔
’کورونا وائرس کی وبا کے ڈر سے ڈاکٹرز مریضوں کا علاج نہیں کرتے لیکن مجھے ایسا کوئی خوف نہیں۔ آج کل نوجوان ڈاکٹرز صرف پیسے کما رہے ہیں وہ غریبوں کا علاج نہیں کرنا چاہتے۔‘
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی جوانی میں نہ صرف ایک دن میں کئی گاؤں کا سفر کرتے بلکہ وہاں ایک آدھ دن رہ بھی جاتے لیکن بڑھتی عمر کی وجہ اب ایسا ممکن نہیں رہا۔
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رام چندر دانیکر ایک فون کال پر دستیاب ہوتے ہیں اور وبا کے دنوں میں بھی انہوں نے علاج سے انکار نہیں کیا۔
ان کے مطابق جب دیگر ڈاکٹروں نے علاج سے انکار کیا تو ڈاکٹر رام چندر دانیکر ہی تھے جنہوں نے گاؤں کے مریضوں کی بیماریوں کی تشخیص جاری رکھی اور دوا تجویز کرتے رہے۔

شیئر: