Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علی ظفر کا بطور سفیر تقرر، مِلا جُلا ردِعمل

کچھ صارفین کی جانب سے علی ظفر کو سفیر مقرر ہونے پر خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے (تصویر : علی ظفر ٹوئٹر)
پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اور سول ایوارڈ  یافتہ گلوکارعلی ظفر کو پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے "نمل نالج سٹی” کا سفیر نامزد کرنے پر خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اگرچہ کچھ سوشل میڈیا صارفین علی ظفر کو  یہ اعزاز ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کر رہے ہیں مگر کئی صارفین اس نامزدگی کے مخالف دکھائی دیے۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اتوار کو پاکستانی گلوکار علی ظفر نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں پاکستان کے سب سے بڑے علم والے شہر "نمل نالج سٹی” کا سفیر نامزد ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں، یہ شہر ٹونی اشائی کا ڈیزائن کردہ ہے جبکہ اس کا نظریہ معزز وزیر اعظم عمران نے تیار کیا ہے۔‘
صحافی بے نظیر شاہ نے لکھا کہ ’ یہ پاکستان کی تمام خواتین کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔‘

اس ٹویٹ کے جواب میں ٹوئٹر صارف علی نے لکھا کہ ’لوگ آخر اتنا کیسے گر سکتے ہیں ؟ اب علی ظفر بے گناہ ثابت ہو چکے ہیں اور ان پر الزام عائد کرنے والوں نے جرمانہ بھی بھر دیا ہے تو پھر یہ خواتین پر حملہ کیسے ہوا؟‘

ایک اور صارف افشاں مصعب نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ پاکستان کا اعلیٰ سول ایوارڈ بھی دیں اور "نالج سٹی" کا سفیر تک بنا دیں جبکہ اس ملزم کے خلاف ہراسانی کے مقدمے کا عدالتی فیصلہ ابھی تک ہوا ہی نہیں۔‘

صارفین کی جانب سے تنیقد کا نشانہ بننے والے علی ظفر کے مداحوں کی جانب سے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے سماجی کارکن مہوش اعجاز نے کہا کہ ’بلاشبہ علی ظفر نے نہ صرف کئی افراد کی زندگیوں کو بہتر بنایا بلکہ وہ ایک اچھے خاندان سے سامنے آئے اور اپنے ٹیلنٹ کی بنیاد پر اس انڈسٹر ی میں اپنا مقام بنایا۔ ہم آپ کے حق میں مزید بہتر ہونے کے لیے پر امید ہیں۔‘

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر تقریب کے دوران لی گئی تصاویر شئیر کرتے ہوئے گلوکار علی ظفر نے لکھا کہ ’ ’مجھے یہ موقع فراہم کیا سفیر کی حیثیت سے اپنی نوعیت کا پہلا نامعلوم شہر "نمل” بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کروں یہ بنجر زمین پر بنایا ہوا وہ شہر ہے جس کا تصور وزیر اعظم عمران خان نے کیا تھا۔‘
ٹوئٹر ہینڈل بی کے ٹوئٹس نے وزیر اعظم  کی جانب سے اس نامزدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا واقعی علی نے تعلیم کے  لیے کچھ خاص کیا ہے جو انہیں نمل نالج سٹی کا سفیر مقرر کردیا گیا ہے؟  ہم علم کے میدان میں علی کی خصوصی خدمات سے واقف نہیں ہیں برائے مہربانی اس پر روشنی ڈالیں.‘

یاد رہے اس سے قبل ماضی میں سول ایوارڈ حاصل کرنے پر بھی علی ظفر کو نہ صرف سوشل میڈیا صارفین بلکہ کئی اداکاروں کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اداکارہ و میزبان عفت عمر نے لکھا تھا کہ ’یہ صرف پاکستان میں بھی ہوسکتا ہے کہ ایک مبینہ ہراساں کرنے والا شخص کو ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے۔‘

شیئر: