Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 90 ہزار کیسز

اکتوبر کے وسط سے امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 90 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر کے وسط سے امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز  میں اضافہ ہوا ہے۔
صرف ایک دن ہی امریکہ میں 91 ہزار 295 کیسز سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 21 افراد ہلاک ہوئے۔
کورونا وائرس کی وبا سے اب تک امریکہ میں 89 لاکھ 44 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس وبا سے سب سے زیادہ اموات بھی امریکہ میں ہوئی ہیں۔
دو لاکھ 28 ہزار سے زیادہ افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے۔
امریکہ کے وسطی اور مغربی علاقوں میں کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔
امریکی انتخابات تین نومبر کو ہوں گے۔ ڈیموکریٹ کے صدارتی امیدوار جوبایئڈن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اپنے انتخابی مہم میں کورونا وائرس کی وبا سے صحیح طور پر نہ نمٹنے کا اہم نکتہ استعمال کر رہے ہیں۔

فلوریڈا میں صدر ڈونلڈ کی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی (فوٹو: اے ایف پی)

خبررساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کہ دونوں صدارتی امیدواروں نے فلوریڈا میں انتخابی ریلیاں کیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جس میں بہت سارے افراد نے ماسک نہیں پہنا تھا۔
امریکی صدر نے کورونا وائرس کی وبا کو کم اہمیت دی اور لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ اگر وہ وائرس کا شکار ہو جائیں تو وہ ٹھیک ہو جائیں گے بالکل ویسے ہی جیسے وہ ہوئے تھے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے کئی گھنٹوں بعد صدارتی امیدوار جو بائیڈن بھی فلوریڈا پہنچے۔ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ان کی ریلی کے شرکا یا تو گاڑیوں میں رہیں یا اپنی گاڑیوں کے قریب۔

امریکہ میں صدارتی الیکشن تین نومبر کو ہوں گے (فوٹو: اے پی)

جو بائیڈن نے ہزاروں افراد کے اجتماع پر امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
شمالی کیرو لائنا کے حکام نے 21 اکتوبر کو صدر ٹرمپ کی ریلی میں شرکت کرنے والے افراد کو خبردار کیا ہے اس میں ریلی میں شریک دو افراد کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وائٹ ہاؤس کے ٹاسک فورس نے بھی امریکہ کے مغربی حصے اور ملک کے دیگر ریاستوں میں کورونا وائرس کے وسیع پھیلاؤ کو سے متعلق خبردار کیا ہے۔

شیئر: