Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر ٹرمپ سے کورونا پھیلنے کا خطرہ نہیں رہا: وائٹ ہاؤس

صدر ٹرمپ نے سنیچر سے انتخابی مہم میں واپسی کا باقاعدہ آغاز کر لیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
وائٹ ہاؤس کی طبی ٹیم کے سربراہ شان کونلے نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کورونا پھیلنے کا خطرہ نہیں رہا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان میں ڈاکٹر شان کونلے کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ سے کورونا کے جراثیم کسی اور شخص کو منتقل ہونے کا خطرہ اب نہیں رہا، انہیں آئسولیشن میں مزید رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
وائٹ ہاؤس کی طبی ٹیم کے سربراہ شان کونلے کے مطابق کورونا کے ’پی سی آر‘ ٹیسٹ کے لیے صدر ٹرمپ کا دوبارہ سیمپل لیا گیا تھا، ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق امریکی صدر سے کورونا پھیلنے کا خطرہ اب نہیں رہا۔
سنیچر کو رات گئے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ صدر ٹرمپ کے خون میں وائرس کے جراثیم کی افزائش نہیں ہو رہی ہے، بلکہ کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم بیان میں صدر ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا۔
صدر ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ دس دن قبل 2 اکتوبر کو مثبت آیا تھا جس کے بعد تین دن کے لیے انہیں واشنگٹن کے ملٹری ہسپتال میں زیرِ علاج رکھا گیا تھا۔
شان کونلے نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو بخار نہیں ہو رہا اور کورونا کی علامات ’بہتر‘ ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کی مصروفیات دوبارہ بحال ہونے کے بعد ان کا باقاعدہ معائنہ کرتے رہیں گے۔
شان کونلے کا کہنا تھا کہ وباؤں پر قابو پانے والے امریکی سنٹر کے کورونا پر قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کو آئسولیشن میں رہنے کی ضرورت نہیں رہی۔ 

امریکہ میں صدارتی انتخابات 3 نومبر کو متوقع ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

صدر ٹرمپ کی صحت کے حوالے سے جاری ہونے والے اس بیان سے قبل ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں منعقد ہونے والی عوامی تقریب سے خطاب کیا تھا۔ ٹرمپ کے اس قدم پر صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے انہیں ’لا پروا‘ قرار دیا تھا۔ 
صدر ٹرمپ نے انتخابی مہم میں واپسی کا آغاز سنیچر کی صبح وائٹ ہاؤس میں منقعد ہونے والی عوامی تقریب سے خطاب میں کیا تھا۔  
اے ایف پی نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کے عوامی خطاب کا مقصد ان کی صحت کے حوالے سے شکوک و شبہات دور کرنا ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں