Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زمبابوے نے سُپر اوور میں پاکستان کو شکست دے دی

محمد حسنین نے پاکستان کو عمدہ آغاز فراہم کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان ایک روزہ میچوں کی سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور زمبابوے کے مابین تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ٹائی ہوگیا جس کے بعد سپر اوور میں زمبابوے نے پاکستان کو شکست سے دوچار کر دیا۔
پاکستان نے سپر اوور میں زمبابوے کو تین رنز کا ٹارگٹ دیا جو اس نے آسانی حاصل کر لیا۔ 
سپر اوور میں پاکستانی بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے، افتخار احمد، فخر زمان اور خوشدل شاہ کوئی بھی باؤنڈری لگانے میں ناکام رہے جبکہ مزربانی نے افتخار احمد اور خوشدل شاہ کو آؤٹ کر دیا۔  
پاکستانی ٹیم 279 رنز کے ہدف کا تعاقب نو وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز ہی بنا سکی۔ 
کپتان بابر اعظم نے سینچری مکمل کی جبکہ وہاب ریاض نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سینچری بنائی۔
 وہاب ریاض اور بابر اعظم کے درمیان ایک سو سے زائد رنز کی شراکت قائم ہوئی، ویاب ویاض 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔  
279 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں امام الحق چار رنز بنا کر مزربانی کا شکار بن گئے۔ 
دوسرے اوور میں فخر زمان بھی نگاروا کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے صرف دو رنز بنائے۔ 

بابر اعظم نے سینچری بنا کر ٹیم کو سہارا فراہم کیا (فوٹو اے ایف پی)

پاکستان کی تیسری وکٹ 20 کے مجموعی سکور پر گری جب حیدر علی 13 رنز بنا کر نگاروا کی دوسری وکٹ بنے۔  51 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گر گئی جب محمد رضوان دس رنز بنا کر تیریپنو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے، جو 88 کے مجموعی سکور پر تیریپنو کا دوسرا شکار بنے، انہوں نے 18 رنز بنائے۔ 
اس کے بعد خوشدل شاہ اور کپتان بابر اعظم کے درمیان 63 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے خوشدل شاہ 33 رنز بنا کر مزربانی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 
اس سے قبل زمبابوے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے تھے۔ 

پاکستان کا آغاز بھی اچھا نہ رہا، امام الحق صرف چار رنز پر بولڈ ہوگئے (فوٹو: اے ایف پی)

مہمان ٹیم کی جانب سے شان ولیمز نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 118 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ سکندر رضا 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین پانچ وکٹیں حاصل کر کے کامیاب ترین بولر رہے جبکہ وہاب ریاض نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
منگل کو راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے خلاف زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کے ابتدائی دو کھلاڑی صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
زمبابوے کے اوپنر چامو چیبھابھا بغیر کوئی رنز بنائے پہلے ہی اوور میں محمد حسنین کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

شان ولیمز نے سینچری کی مدد سے زمبابوے بڑا ہدف دینے میں کامیاب رہا (فوٹو: اے ایف پی)

کریگ اروین صرف ایک رن بنا کر محمد حسنین کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ 
تیسری وکٹ بھی محمد حسنین کے حصے میں آئی جب 22 کے مجموعی سکور پر برائن چری کو انہوں نے بولڈ کر دیا، وہ صرف نو رنز بنا سکے۔  
ابتدائی نقصان کے بعد برینڈن ٹیلر اور شان ولیمز نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور بچاس سے زائد رنز کی شراکت قائم کی۔ 
تاہم برینڈن ٹیلز 56 رنز بنا کر محمد حسنین کی چوتھی وکٹ بنے۔ زمبابوے کی پانچویں وکٹ 182 کے مجموعی سکور پر گری جب مدھیویرے 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں بھی محمد حسنین نے آؤٹ کیا۔ 
پاکستان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز پہلے ہی دو صفر سے جیت چکا ہے۔
تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں، عابد علی، فہیم اشرف، عماد وسیم اور حارث رؤف کی جگہ فخر زمان، خوشدل شاہ، وہاب ریاض اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ 

شیئر: