Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی الیکشن اور قیمے والے نان کا تذکرہ

امریکی صدارتی الیکشن پر دنیا بھر میں سوشل میڈیا صارفین میمز بنا رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کے صدارتی الیکشن میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور سوشل میڈیا پر صارفین کے تبصرے بھی۔
امریکی صدارتی الیکشن پر دنیا بھر کی نظریں ہوتی ہیں اس لیے سوشل میڈیا پر بھی ہر رنگ، نسل اور قومیت کے افراد انتخابی عمل اور اس کے نتائج پر تبصرے کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کی شکایت کی تقریر سامنے آنے کے بعد کینیا سے تعلق رکھنے والے ایک صارف عبد اللہ حسین نے تبصرہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا کہ وہ کینیا کے چیف جسٹس سے رابطہ کریں۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے لندن سے ٹویٹ کرتے ہوئے امریکہ کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک شخص مفت کھانے کی آوازیں لگا رہا ہے۔

اس ویڈیو میں امریکی سیاہ فام خاتون اپنے دروازے میں کھڑے ہو کر کہہ رہی ہیں کہ یہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے کے لیے مفت کھانا تقسیم کر رہا ہے۔ وہ خاتون ساتھ ہی کہتی ہیں کہ 'اس سے کھانا لے لیں مگر ووٹ مت دینا۔'

ریحام خان نے اس ویڈیو کو ٹویٹ کرتے ہوئے ساتھ لکھا کہ 'ٹرمپ نے برصغیر والوں سے قیمہ نان اور بریانی کھلا کر ووٹ لینے کا طریقہ سیکھ لیا ہے۔'
جو ہارٹ نامی ایک ٹوئٹر ہینڈل سے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن کا ایک میم شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ 'یہ بائیڈن کے بارے میں بنایا گیا سب سے زبردست میم ہے۔'
اس میم میں ایک تصویر میں دو افراد ایک کار کے ساتھ کھڑے ہیں اور ایک دوسرے کو بتا رہا ہے کہ جوبائیڈن کی چار انتخابی ریلیوں کے افراد اس گاڑی میں سما سکتے ہیں۔

افضال احمد نامی ٹوئٹر صارف نے ایک ٹی وی چینل پر چلنے والی بریکنگ نیوز کا سکرین شاٹ شیئر کر کے میم بنائی ہے کہ 'اس کے بعد رزلٹ نہیں آ رہے، لگتا ہے امریکہ میں بھی آر ٹی ایس بیٹھ گیا ہے۔'

سکائی رینائی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے دو تصاویر پر مبنی میم شیئر کر کے لکھا گیا ہے کہ 'امریکی نہ ہوتے ہوئے بھی الیکشن کے نتائج کا انتظار ہم اس طریقے سے کر رہے ہیں۔'
محمد شعیب نامی صارف نے پاکستان کے صدر عارف علوی کی ایک پرانی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ غصے میں نظر آ رہے ہیں اور ٹویٹ میں لکھا ہے کہ 'ٹرمپ کے ساتھ نہیں چلے گی۔'

سینکڑوں دیگر صارفین نے صدر ٹرمپ کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے مذاق کرتے ہوئے  لکھا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف سے رابطہ کیا ہے اور نمبر مانگا کہ کیونکہ وہ ہار رہے ہیں۔‘
جاوید اقبال نامی ٹوئٹر صارف نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کو رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو پر پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک نغمے کی آڈیو سنی جا سکتی ہے جس میں ووٹ کو عزت دو، کی بات ہو رہی ہے۔

شیئر: