Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سوشل میڈیا شخصیات عوامی تقریبات میں نہ جائیں‘

’عوام اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بدستور چوکس رہیں‘ (فوٹو: عاجل)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے سوشل میڈیا کی اہم شخصیات سے کہا ہے کہ وہ ایسے کسی پرگرام میں شرکت نہ کریں جہاں کورونا وائرس کے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر پرعمل نہ کیا جا رہا ہو۔
 العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت صحت کی بریفنگ میں سوال کیا گیا تھا کہ سوشل میڈیا کی بعض شخصیات ایسے پروگراموں میں حصہ لے رہی ہیں جہاں معاشرے کے لوگ بڑی تعداد میں پہنچتے ہیں اور اس وجہ سے وہاں بھیڑ جمع ہوتی ہے۔ 
ترجمان نے کہا کہ سوشل میڈیا کی معروف شخصیات کو مثالی نمونہ پیش کرنا چاہیے۔ ایسی شخصیات جن کی آمد پر بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے انہیں ان دنوں اس طرح کی تقریبات میں نہیں جانا چاہیے۔

 ’سوشل میڈیا کی شخصیات حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی سے گریز کریں‘ (فوٹو: ایس پی اے)

وزارت صحت چاہتی ہے کہ سوشل میڈیا کی شخصیات حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔
 ترجمان نے کہا کہ ان شخصیات کا فرض ہے کہ اگر کسی عوامی تقریب میں مدعو کیا جائے تو وہ معذرت کرکے مثال پیش کریں۔ ایسی کسی تقریب میں نہ جائیں جہاں حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کی جا رہی ہو۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اجتماعی تقریب میں کھڑکیاں یا دروازے کھلے رکھے جائیں تاکہ ہوا کا گزر ہوتا رہے۔ یہ وائرس سے بچاؤ کے لیے اہم ہے۔ 
وزارت صحت نے خبر دار کیا ہے کہ سردیوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا کہ وہ اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بدستور چوکس رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عوام حفاظتی تدابیر کی پابندی کرتے ہوئے وائرس کی دوسری لہر کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔

شیئر: