Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وٹامن ڈی اور کورونا وائرس میں کیا تعلق ہے؟

حالیہ ریسرچ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن ڈی خون میں آئرن کی سطح کو کم کرتا ہے۔ فوٹو: ان سپلیش
دنیا نے آج تک بے شمار بیماریوں اور وباؤں کا سامنا کیا لیکن اس میں دو رائے نہیں ہیں کہ کورونا وائرس سب سے خطرناک ثابت ہوا، اگرچہ مختلف وباؤں میں کئی ملین لوگ جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے لیکن کورونا وائرس ابھی تک ایک پراسرار مرض ہے اور ماہرین صحت کو ورطہ حیرت میں ڈال رکھا ہے جو اس کے خلاف مختلف تجربات کر کے ویکسین تیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سعودی جریدے الرجل میں جنرل فزیشن ڈاکٹر لینا ناصراوی نے وٹامن ڈی کے ذریعے کورونا کی مرض سے بچاؤ یا اس کی شدت میں کمی کے حوالے کچھ گزارشات پیش کی ہیں۔

وٹامن ڈی کے فوائد

انسانی جسم خصوصاً ہڈیوں اور دل کے لیے وٹامن ڈی کے بے شمار فوائد ہیں، جدید تحقیق سے یہ ثابت ہوا ہے کہ وٹامن ڈی کا مدافعتی نظام کو بہتر بنانے اور جسمانی صحت کو بحال رکھنے میں بڑا کردار ہے۔

وٹامن ڈی کیسے پید ا ہوتا ہے؟

سورج: وٹامن ڈی کا سب سے اہم ذریعہ تصور کیا جاتا ہے، اس لیے ہر شخص کو روزانہ ظہر کے بعد عصر سے قبل 15 سے 20 منٹ تک سورج کی روشنی لینی چاہیے۔
کھانے: کچھ کھانوں میں وٹامن ڈی کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے، جیسے مچھلی، گائے کا گوشت، انڈے، سویابین، پنیر اور دودھ وغیرہ۔
غذائی ضمیمہ: وٹامن ڈی کی مقدار کے حصول کے لیے روزانہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق وٹامن ڈی کی مقدار لی جاسکتی ہے۔ خوراک کی مقدار کا تخمینہ لوگوں کی عمر کے حساب سے ہوتا ہے۔ (ایک سال سے 70 سال تک 400، 600 سے 800 تک 70 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے)۔

سورج وٹامن ڈی کا سب سے اہم ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔ فوٹو: ان سپلیش

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ڈاکٹروں نے اس خوراکی تخمینہ میں اضافے کا مشورہ دیا ہے جو 1000 سے 2000 تک ہے، اسی طرح روزانہ اڈھائی لیٹر پانی پینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

وٹامن ڈی کا کورونا سے تعلق

جب انسان پر کورونا وائرس حملہ کرتا ہے تو جسمانی مدافعتی نظام کورونا پر جوابی وار کے بجائے اپنے پھیپھڑوں پر حملہ آور ہوجاتا ہے جس سے خون کی نالیاں کمزور اور گلنے لگتی ہیں اس دوران بعض اوقات موت بھی واقع ہوجاتی ہے۔

وٹامن ڈی انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔ فوٹو: ان سپلیش

ایسے حالات میں وٹامن ڈی انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔ جسم میں قوت مدافعت کو مضبوط بنانے اور انفیکشن کی روک تھام کے لیے ذمہ دار خلیوں کو تحریک دینے کے لیے کام کرتا ہے، اس سےوائرس کا اثر کمزور ہوتا ہے اور اس کی پیچیدگیاں کم ہوتی ہیں۔
وٹامن ڈی جسم کے اپنے خلاف جارحانہ ردعمل کو بھی کرتا ہے، حالیہ ریسرچ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن ڈی خون میں آئرن کی سطح کو کم کرتا ہے، جو درحقیقت وائرس کا مددگار ہوتا ہے، یوں اس کی سپلائی رک جاتی ہے اور وائرس تیزی سے ختم ہوجاتا ہے۔

شیئر: