Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم ٹیسٹ ٹیم کے بھی کپتان مقرر

بابراعظم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کپتان بننے پر وہ بہت فخراور خوشی محسوس کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بابراعظم کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے جس کے بعد اب وہ تینوں فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بن گئے ہیں۔
بطور ٹیسٹ کپتان بابراعظم کی پہلی اسائنمنٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کی قیادت کرنا ہوگا۔ دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔
بابراعظم کو اظہر علی کی جگہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اظہر علی نے دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی تھی۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اس نئی تقرری کی منظوری منگل کی شام کو اظہر علی سے ملاقات کرنے کے بعد دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات میں احسان مانی نے بطور کپتان خدمات پر اظہر علی کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران انہوں نے بابراعظم سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اس تقرری پر مبارکباد پیش کی۔
احسان مانی نے کہا کہ ’اظہر علی کے پاس کرکٹ کا علم بھی ہے اور وہ ایک  سپیشلسٹ ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں، اظہر علی میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اور انہیں یقین ہے کہ ان کے تجربے سے ابھی پاکستان بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔‘
احسان مانی نے کہا کہ ’کم عمر ی میں ہی بابراعظم میں موجود مستقبل کے کپتان کی نشاندہی کر لی گئی تھی، ان کی ڈویلپمنٹ کے لیے انہیں گذشتہ برس وائٹ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور تسلسل کے ساتھ ان کی پرفارمنس اور قیادت کی صلاحیتوں کے بنیاد پر انہوں نے ثابت کیا کہ وہ کپتان کے اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔‘

بابر اعظم نے کہا کہ وہ یہ  اضافی ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار ہیں (فوٹو اے ایف پی)

پی سی بی کے بیان کے مطابق ’بابراعظم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کپتان بننے پر وہ بہت فخراور خوشی محسوس کر رہے ہیں کیونکہ اب ان کا شمار ان چند کھلاڑیوں میں ہوگیا ہے جنہوں نے کھیل کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کی ہے۔‘
بابر اعظم نے کہا کہ ’وہ یہ  اضافی ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار ہیں اور اس سے ان کے اعتماد میں  اضافہ بھی ہو گا، انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنا کام اور بہتر انداز سے کر سکیں گے کیونکہ انہیں اس سفر میں تجربہ کار افراد کا ساتھ نصیب ہو گا۔‘
بابراعظم نے کہا کہ ’گذشتہ سیزن مشکل تھا اور جس طرح اس سیزن میں اظہر علی نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی وہ اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یقین ہے کہ وہ ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

شیئر: