Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے زمبابوے کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز پاکستان دو ایک سے جیت چکا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ جیت کے لیے درکار 157 رنز پاکستانی بلے بازوں نے چار وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کر لیے۔
کپتان بابر اعظم نصف سینچری مکمل کرنے کے بعد 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان 19 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹے جبکہ حیدر علی سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد حفیظ 36 رنز بنانے کے بعد اس وقت آؤٹ ہوئے جب پاکستان کو جیت کے لیے ایک رنز درکار تھا۔
اس سے قبل زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔

 

 پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے چار اوورز میں 35 رنز دیے۔ حارث رؤف نے چار اوور میں 25 رنز کے عوض دو جبکہ محمد حسنین نے چار اوورز میں 25 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ وہاب ریاض نے چار اوورز میں 37 رنز دیے اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عثمان قادر نے تین اوورز میں 24 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
زمبابوے کے مڈل آرڈر بلے باز 20 سالہ ویسلے مدھویری نے دھواں دار بیٹنگ کی۔ انہوں نے 48 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے ولیمز نے 25 جبکہ ٹیلر نے 20 رنز سکور کیے۔
محمد حسنین کے پہلے اوور میں زمبابوے کے اوپنر چیبھابھا آوٹ ہوئے۔ زمبابوے کے آوٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی ٹیلر تھے جن کی وکٹ حارث روف نے حاصل کی۔ 
پہلے میچ میں زمبابوے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے آج کے میچ میں اپنا ڈیبیو کیا۔ 
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز دو ایک سے پاکستان جیت چکا ہے۔

شیئر: