Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کومے میں جڑواں بچوں کا جنم۔۔۔‘

یوکی کے مطابق بیماری میرے خاوند اور بچوں کے لیے بہت ہی پریشان کن وقت تھا۔ (فوٹو: روئٹرز)
برطانیہ میں کورونا وائرس کی مریضہ ایک لیڈی ڈاکٹر نے زندگی اور موت کی کشمکش میں کومے کے دوران جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے اور اسے ایک ’معجزہ‘ قرار دیا ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق یوکی نامی حاملہ خاتون اپریل میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں۔ انہیں برمنگھم کے کوئین ایلزبیتھ ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت خراب ہو گئی، وہ کومے میں چلی گئیں اور انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کرنا پڑا۔
بچوں کی پیدائش کی تاریخ جولائی بنتی تھی لیکن ڈاکٹروں نے ساڑھے چھ مہینے کی حاملہ خاتون کا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ بہتر ہو سکیں۔
تاہم جب یوکی دو ہفتوں کے بعد کومے سے باہر آئیں تو اپنے پیٹ کو دیکھ کر سمجھیں کہ شاید ان کے بچے مر گئے ہیں اور انہیں آپریشن کے ذریعے نکالا گیا ہے۔

 

’مجھے خود کو دیکھ کر یقین نہیں آیا تھا۔ میں نے سوچا کہ میرے بچے گئے۔ لیکن جو ہوا وہ کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب ہم سب ہنسی خوشی زندگی گزار رہے ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ میں بیمار ہو گئی تھی، مجھے ایمبولینس لینے آئی تھی اور پھر میں کومے میں چلی گئی تھی۔‘
’کومے سے باہر آکر بدترین تجربہ ہوا۔ مجھے ڈر لگ رہا تھا۔ کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا۔ میں حاملہ نہیں تھی۔ میں نے سوچا کہ میرے بچے اور پورا خاندان مر چکا ہے۔‘
یوکی نے کہا کہ ’وہ میرے خاوند اور بچوں کے لیے بہت ہی پریشان کن وقت تھا۔ حتیٰ کہ کومے سے باہر آنے کے بعد بھی میں دو ہفتوں تک اپنے بچوں کو نہ دیکھ سکی۔‘
لیڈی ڈاکٹر نے ایک بیٹے اور بیٹی کو جنم دیا ہے جن کا پیدائش کے وقت وزن صرف تین پاؤ یعنی 750 گرام کے قریب تھا۔ انہیں ماں کے صحتمند ہونے تک بچوں کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا تھا۔
 

شیئر: