Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میاں صاحب واپس نہ آئیں‘

دادی کے انتقال کی اطلاع پر مریم نواز پشاور جلسہ ادھورا چھوڑ کر واپس چلی آئیں (فوٹو سکرین گریب)
اپوزیشن جماعت ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز شریف نے دادی کے اننتقال کی اطلاع نہ دینے والے حکومتی شخصیات کو انسانیت کی کمی کا طعنہ دیتے ہوئے شکوہ کیا کہ کسی نے انہیں واقعے کی اطلاع نہیں دی۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پشاور میں ہونے والے جلسے میں شریک مریم نواز شریف دادی کے انتقال کی اطلاع ملنے پر سٹیج سے ایک مختصر اعلان کے بعد تقریر کیے بغیر واپس لوٹ گئی تھیں۔
واپسی کے دوران انہوں نے ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں دادی کے انتقال کی اطلاع تاخیر سے ملنے اور اس کی وجوہات کا ذکر کیا تو بتایا کہ ’دادی کے انتقال کی خبر مجھے فون سروسز معطل ہونے کی وجہ سے دو گھنٹے تاخیر سے ملی جس کے بعد میں فوراً لاہور کی لیے روانہ ہو گئی۔ میرے والد اور گھر والے بار بار رابطے کی کوشش کرتے رہے مگر رابطہ نہ ہو سکا۔‘۔

پہلے پیغام سے متصل دوسری ٹویٹ میں انہوں نے حکومتی شخصیات سے شکوہ کیا تو لکھا ’کسی حکومتی شخص میں اتنی انسانیت نہیں تھی کہ مجھ تک دادی کی وفات کی اطلاع پہنچا دیتے۔ میں نے میاں صاحب کو درخواست کی ہے کہ بالکل واپس نا آئیں۔ یہ ظالم اور انتقام میں اندھےلوگ ہیں جن سے کسی بھی قسم کی انسانیت کی توقع نہیں۔‘۔

مریم نواز شریف کی دوسری ٹویٹ کا حوالہ دیتے ہوئے حکومتی شخصیات اور کچھ سوشل میڈیا صارفین نے بھی سوال کیا کہ حکومت انہیں انتقال کی اطلاع دینے کی کیسے پابند ہو سکتی ہے یا ایسا نہ کرنے پر کیا غلط ہوا ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے جوابی ٹویٹ میں لکھا ’ٓآپ جیل میں ہیں؟ اطلاع حکومت نے دینی ہے یا خاندان والوں نے؟‘

حکومتی جماعت تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے مریم نواز کی ٹویٹ کا جواب دیا تو انہیں انتقال کے معاملے پر سیاست نہ کرنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی ذکر کیا کہ وزیراعظم سمیت سبھی نے اس موقع پر تعزیت کی ہے۔

مریم نواز کے شکوے اور اس پر ردعمل دیکھ کر کچھ صارفین نے وضاحت کی کہ چونکہ پشاور میں ٹیلیفون سگنلز بند تھے اس لیے ان کے اہلخانہ باوجود کوشش کے مریم نواز سے رابطے میں کامیاب نہیں ہو رہے تھے۔ ان صارفین کے مطابق یہی وجہ بنی کہ مریم نواز نے حکومتی شخصیات سے شکوہ کر ڈالا کہ اگر ان کے علم میں تھا تو انہیں کیوں نہیں بتایا گیا۔
البتہ پی ٹی آئی سے وابستہ صارفین اس وضاحت سے بھی مطمئن دکھائی نہیں دیے۔ کچھ نے ایک قدم آگے بڑھ کر مریم نواز کے آفیشل فیس بک پیج کا سکرین شاٹ شیئر کیا جس پر پشاور جلسے کو لائیو دکھایا جا رہا تھا اور پوچھا کہ اگر فیس بک لائیو ہو سکتا ہے تو آپ کو اطلاع کیوں نہیں مل سکتی۔

شیئر: