Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آکسفورڈ کی ویکسین کورونا کے خلاف 70 فیصد موثر ثابت

ابتدائی اشاروں کے مطابق یہ ویکسین وائرس کے پھیلاؤ کو بھی روک سکتی ہے۔ فائل فوٹو: ان سپلیش
برطانیہ میں تیار کی گئی ایک کورونا وائرس ویکسین 70.4 فیصد افراد کو کووڈ-19 ہونے سے بچا سکتی ہے اور ڈیٹا میں دیکھا گیا ہے کہ اس کی کم خوراک کے استعمال سے 90 فیصد افراد کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینیکا نے اعلان کیا ہے کہ ان کی مشترکہ ویکسین بہت سے لوگوں کو بیمار پڑنے سے بچا سکتی ہے۔
یہ ویکسین مختلف عمروں کے لوگوں کے لیے موثر ثابت ہوئی ہے، جن میں بڑی عمر کے افراد بھی شامل ہیں۔
ابتدائی اشاروں کے مطابق یہ ویکسین وائرس کے پھیلاؤ کو بھی روک سکتی ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی میں ویکسینالوجی کی پروفیسر سارا گلبرٹ کا کہنا ہے کہ، 'اس اعلان نے ہمیں اس وقت کے ایک اور قدم قریب کردیا ہے جب ہم ویکسین کو (کووڈ-19) کی تباہیاں ختم کرنے کے لیے استعمال کرسکیں گے۔'
ان کا مزید کہنا تھا 'ہم متعلقہ حکام کو تفصیلی معلومات فراہم کرنے پر کام کرتے رہیں گے۔ اس کثیر قومی کوشش کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے، جس کے فوائد پوری دنیا کو ہوں گے۔'
آکسفورڈ یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ ویکسین کے تجربے کے تیسرے مرحلے کے ابتدائی جائزے میں دیکھا گیا کہ ویکسین 70 فیصد تک موثر ہے۔
لیکن یہ جائزہ ویکسین کے استعمال کے دو مختلف طریقوں کے نتائج کو ملا کر سامنے آیا ہے۔
ان دونوں طریقوں میں سے ایک طریقہ 90 فیصد موثر تھا جبکہ دوسرے کے 62 فیصد۔
جو طریقہ 90 فیصد موثر رہا اس میں پہلے ویکسین کی آدھی خوراک دی گئی اس کے بعد پوری خوراک دی گئی تھی۔

جو طریقہ 90 فیصد موثر رہا اس میں پہلے ویکسین کی آدھی خوراک دی گئی اس کے بعد پوری خوراک دی گئی تھی۔ فائل فوٹو: ان سپلیش

ابتدائی جائزے میں انفیکشن میں مبتلا 131 افراد کو مدِ نظر رکھا گیا، جن میں سے کچھ کو ویکسین دی گئی تھی جبکہ کچھ ایک تجربے کے لیے بنائے گئے گروپ کا حصہ تھے جس میں انہیں میننجائٹس کی خوراک دی گئی تھی۔
آکسفورڈ ویکسین گروپ کے ڈائریکٹر پروفیسر اینڈریو پولارڈ کا کہنا ہے کہ، 'ان نتائج سے پتا چلتا ہے کہ ہمارے پاس ایک موثر ویکسین ہے جو بہت سی زندگیاں بچا سکتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہمیں پتا چلا ہے کہ ہمارے ویکسین کی خوراک دینے کے طریقہ کار میں سے ایک 90 فیصد موثر ہوسکتا ہے۔ اگر یہ طریقہ استعمال ہوتا ہے تو دیگر افراد کو منصوبے کے تحت ویکسین دی جاسکتی ہے۔'

شیئر: