Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں کورونا ویکسین کا استعمال 11 دسمبر سے متوقع

'ویکسین لگائے جانے کے عمل کا آغاز ممکنہ طور پر 11 یا 12 دسمبر کو ہوگا۔' فائل فوٹو: ان سپلیش
امریکہ میں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسینیشن دسمبر کے اوائل سے شروع کی جائیں گی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا'ہمارا ارادہ ہے کہ اجازت ملتے ہی ویکسین کو مطلوبہ جگہوں پر 24 گھنٹوں کے اندر پہنچا دیں۔‘
ایک ایسے ملک میں جو کورونا وائرس کی وبا سے دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، وہاں بڑھتے کیسز کی صورتحال میں یہ ایک مثبت خبر ہے۔
ویکسینیشن کا آغاز کورونا وائرس کی جنگ میں ایک ایم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
اس عالمی وبا نے اب تک دنیا بھر میں 14 لاکھ لوگوں کی جان لی ہے، جن میں دو لاکھ 55 ہزار اموات امریکہ میں ہوئی ہیں۔
امریکہ کی میڈیکل کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے بنائی گئی ویکسین اور امریکہ کی دوسری کمپنی موڈرنا کی بنائی گئی ویکسین حتمی ٹرائلز میں 95 فیصد موثر ثابت ہوئی ہے۔
فائزر نے امریکی صحت حکام سے ویکسین کی ایمرجنسی استعمال کی اجازت طلب کر لی ہے۔ 
امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کا 10 دسمبر کو ویکسین کے استمال کی منظوری کے حوالے سے اجلاس ہوگا۔
امریکی حکومت کی وائرس ویکسین کی کوششوں کے سربراہ مونسیف سلاؤی نے امریکی ٹی وی چینل سی این این کو بتایا ہے 'ہمارا ارادہ ہے کہ اجازت ملتے ہی ویکسین کو مطلوبہ جگہوں پر 24 گھنٹوں کے اندر پہنچا دیں۔‘انہوں نے بتایا کہ ویکسین لگائے جانے کے عمل کا آغاز ممکنہ طور پر 11 یا 12 دسمبر کو ہوگا۔

شیئر: