Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورنا سے مزید 59 ہلاک، تین ہزار سے زائد کیسز

’ملک بھر میں ساڑھے تین ہزار ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کورنا پازیٹو ہیں۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
 
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے 59 مزید ہلاکتیں ہوئی جب کہ اس وبا کے تین ہزار نو نئے مریض سامنے آئے۔
بدھ کی صبح نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد تین لاکھ 82 ہزار 892 ہوگئی ہے۔
ملک میں اب تک سات ہزار 803 افراد اس مرض سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعدا 42 ہزار 115 ہے۔ اب تک کورونا سے متاثر ہو کر صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد تین لاکھ 32 ہزار 947 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں ایک ہزار 214 مریض کورونا سے صحت یاب ہوگئے۔ 

طبی عملے میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ

دوسری جانب ملک بھر میں طبی عملے میں بڑی تعداد میں کورونا کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔
پاکستان کے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے ہسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈکل سائنسز (پمز) میں کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تعداد سو سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ مجموعی طور پر ملک بھر میں ساڑھے تین ہزار ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کورنا پازیٹو ہیں۔ 
پمز کے ترجمان ڈاکٹر وسیم خواجہ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ' پمز میں اس وقت سو سے زائد ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ایکٹو کورونا کیسز ہیں اور تشویشناک بات یہ ہے کہ ان میں سے اکثریت کی کورونا وارڈز میں ڈیوٹیز نہیں تھی۔
ڈاکٹر وسیم خواجہ کے مطابق 'ڈاکٹرز کی جانب سے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد بھی کیا جاتا ہے اور پرسنل پروٹیکشن کٹس بھی استعمال کی جاتی ہیں اس کے باوجود ہسپتال کے تمام ڈیپارٹمنٹس میں اس وقت کورنا وائرس کے ایکٹو کیسز موجود ہیں۔
واضح رہے کہ پمز ہسپتال میں اس وقت ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کل تعداد 819 ہے جس میں سے ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 100 سے زائد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ 
اسی طرح اسلام آباد کے دوسرے بڑے سرکاری ہسپتال پولی کلینک میں اس وقت ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تعداد 916 ہے جس میں سے 70 ہیلتھ کیئر ورکرز اس وقت کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ 
ترجمان پولی کلینک ڈاکٹر ارسلان خالد نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف میں کورونا وائرس کی تشخیص تیزی سے ہورہی ہے جبکہ ہیلتھ کیئر ورکرز کے خاندان کے افراد بھی بڑی تعداد میں متاثر ہو رہے ہیں۔ 
پاکستان میں ڈاکٹرز کی نمائندہ تنظیم پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 'اس وقت ملک میں مجموعی طور پر تقریباً 3500 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔'

’ دوسری لہر میں 14 ڈاکٹرز اور دو پیرا میڈیکل سٹاف کورونا وائرس کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔' (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مزید کہا کہ 'پاکستان میں دوسری لہر کی شدت پہلے سے کافی زیادہ ہے اور اب تک دوسری لہر میں 14 ڈاکٹرز اور دو پیرا میڈیکل سٹاف کورونا وائرس کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔'
ڈاکٹر قیصر سجاد کے مطابق اب تک ملک میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی طور پر 116 ڈاکٹرز اور 26 پیرا میڈیکل سٹاف کی اموات ریکارڈ ہو چکی ہیں۔ 
پاکستان میں ڈاکٹرز کی نمائندہ تنظیم نے ڈاکٹرز کو مہیا کی جانے والی حفاظتی کٹس پر بھی تحفظات کا اظہا کیا ہے۔
ڈاکٹر قیصر سجاد کے مطابق 'پاکستان میں کیسز کی دوسری لہر آنے کے بعد ڈکٹرز کو فراہم کی گی حفاظتی کٹس ناکافی ہیں ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ہیلتھ کیئر ورکرز بلکہ ان کی فیملیز بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا جیس طرح پہلی لہر کے دوران ڈاکٹرز کو فوری طور پر حفاظتی کٹس مہیا کی گئیں اور او پی ڈیز کو بند کیا گیا اسی طرح او پی ڈیز کو بھی بند کرنا چاہیے اور صرف ایمرجنسی مریضوں کو ہی ہسپتال آنے کی تلقین کرنی چاہیے۔

شیئر: