Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاور فل کردار کی تلاش میں رہتی ہوں: اریج محی الدین

اریج محی الدین کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی کردار کو کرتے ہوئے اس میں ڈھل جاتی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
معصوم بھولے بھالے چہرے اور گھنگریالے بالوں والی خوبصورت اداکارہ اریج محی الدین نے اپنے کریئر کا آغاز تو منفی کردار سے کیا لیکن وہ ہر طرح کا رول کر کے اداکاری کی دنیا میں اپنی صلاحیتیں منوانے کی خواہاں ہیں۔
ڈرامہ سیریل ’قربتیں‘ میں سعدیہ کا کردار نبھانے والی اریج محی الدین نےاردو نیوز کو انٹرویو میں بتایا کہ ’جب بھی کوئی کردار آفر ہوتا ہے تو دیکھتی ہوں کہ یہ کردار کس طرح اپنی انفردایت کو قائم رکھے گا۔‘
اس سوال کے جواب میں کہ منفی کردار کرنے کا تجربہ ان کے لیے کیسا رہا، اریج نے بتایا کہ ’نیگیٹو کردار کرنے کے لیے چہرے کے تاثرات سے بہت کام لینا پڑتا ہے جبکہ پازیٹیو کردار کرنے کے لیے بہت زیادہ انرجی درکار ہوتی ہےاور میں کسی بھی کردار کو کرتے ہوئے اسی میں ڈھل جاتی ہوں۔ یوں کہیے کہ میں اس کردار کو جیتی ہوں۔‘
اریج بتاتی ہیں کہ انہیں اداکاری کا شوق بچپن سے ہی تھا لیکن گھر والوں کے سامنے اس خواہش کا اظہار کافی عرصے بعد کیا۔ ’میڈیا میں انٹرن شپ کی، ہم ٹی وی کی جانب سے آڈیشن ہوا تو سلیکٹ ہوگئی یوں اداکاری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔‘
گھر والوں کے ردعمل کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میرے والد چاہتے تھے کہ ان کے بیٹے نیوز اینکر بنیں لیکن ان کو دلچسپی نہیں تھی جب میں نے اداکارہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تو انہوں نے فوراً اجازت دے دی۔‘
اریج نے بتایا کہ ’میرے والدین مجھ پر بہت اعتماد کرتے ہیں اسی وجہ سے میری ذمہ داریاں بھی بڑھ گئی ہیں اور میں ہر فیصلہ کرنے سے پہلے سوچتی ہوں کہ اس فیصلے کا اثر میری اور میرے گھر والوں کی زندگی پر کیا ہو گا۔‘
اریج محی الدین زیادہ تر ڈراموں میں لیڈ رول کے بجائے سائیڈ رول میں نظر آتی ہیں اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ’کچھ کردار لیڈ ضرور ہوتے ہیں لیکن وہ اتنے پاور فل نہیں ہوتے جبکہ کچھ کردار لیڈ نہ ہو کر بھی پاور فل ہوتے ہیں تو میں لیڈ کردار کرنے کی بجائے پاور فل کرداروں کی تلاش میں رہتی ہوں۔‘

اریج کہتی ہیں کہ نیگیٹو کردار کرنے کے لیے چہرے کے تاثرات سے بہت کام لینا پڑتا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

اریج کہتی ہیں کہ ان کی شخصیت جس قسم کی ہے اس پہ دھیمے اور سافٹ کردار سوٹ کرتے ہیں۔ ’نیگیٹو کردار کیے ضرور لیکن وہ میری شخصیت سے بالکل مختلف تھے لیکن جب پازیٹیو کردار آفر ہوئے تو مجھے بہت خوشی ہوئی۔ عموماً جس قسم کے کرداروں سے کسی کو شہرت ملے اسی قسم کے کردار ہی اسے بعد میں ملتے ہیں لیکن میری خوش قسمتی رہی کہ مجھے نیگیٹیو کرداروں کے بعد پازیٹیو کردار بھی ملے۔‘
اس سوال کے جواب میں کہ انہیں کس ساتھی اداکار کے ساتھ کام کرنا اچھا لگتا ہے، اریج نے بتایا کہ ’مجھے ہر اداکار کے ساتھ کام کرنا ہے کیونکہ ہر کسی کے ساتھ کام کرکے کچھ نہ کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔‘
اریج کہتی ہیں کہ سینیئر فنکاروں نے ان کے ساتھ بہت تعاون کیا ہے۔میں نے شوبز انڈسٹری میں آنے سے پہلے بہت کچھ سنا تھا لیکن میرے ساتھ کبھی کسی نے کوئی نیگیٹو بات نہیں کی بلکہ سینیئرز تو خود بتاتے ہیں کہ کیسے کسی سین کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔‘
اریج دیگر اداکاراؤں کے برعکس ایک وقت میں ایک ہی پراجیکٹ کرتی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ان کا ہر کردار ان کے دل کے بہت قریب ہوتا ہے اس لیے وہ اپنی تمام تر توجہ اسی کردار کو دیتی ہیں۔‘
شوبز انڈسٹری میں پسندیدہ اداکارہ کون ہیں، اس سوال کے جواب میں اریج نے بتایا کہ وہ ماہرہ خان سے بہت متاثر ہیں کیونکہ وہ چُن کر پراجیکٹس کرتی ہیں۔ ’شہر ذات ہو یا ہمسفر ہر پراجیکٹ کمال ہے۔‘ اریج کی بھی خواہش ہے کہ وہ بھی ایسے پراجیکٹس کریں جن کی مثال دوسرے لوگ دیں۔

اریج نے بتایا کہ ’ڈرامہ سیریل ’’تم سے کہنا تھا‘‘ میں میرا لیڈ رول ہے جس کے لیے وہ بہت زیادہ پر جوش ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

ڈرامہ سیریل قربتیں میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ کردار میری زندگی سے کہیں نہ کہیں جڑا ہوا ہے۔ اس کردار میں جو لڑکی ہے وہ اپنی ماں کے بہت قریب ہے، پازیٹیو سوچتی ہے اور میں بھی حقیقی زندگی میں ایسی ہی ہوں۔‘
 اس ڈرامے میں  طاہرہ امام اریج کی والدہ کا کردار نبھا رہی ہیں، ان کے متعلق اریج محی الدین کا کہنا ہے کہ ’میں ان کے ساتھ میں پہلے بھی کام کر چکی ہوں جب مجھے پتہ چلا کہ ان کے ساتھ کام کرنے کا دوبارہ موقع مل رہا ہے تو مجھے بہت خوشی ہوئی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ڈرامہ سیریل ’’تم سے کہنا تھا‘‘ میں میرا لیڈ رول ہے  جس کے لیے میں بہت زیادہ پر جوش ہوں اور امید ہے کہ لوگوں کا ریسپانس اچھا ہی ہو گا۔‘
اریج سے جب پوچھا گیا کہ کیا ان کا فلم انڈسٹری میں بھی قسمت آزمانے کا ارادہ ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ’فلموں میں ضرور کام کروں گی لیکن کردار کچھ ہٹ کر ہونا چاہیے۔‘
اریج کے گھنگریالے بال بھی انہیں منفرد بناتے ہیں ، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اپنے کرلی بال بہت پسند ہیں اور یہ مجھ پہ سوٹ بھی کرتے ہیں کبھی کسی کردار کے لیے بال سیدھے کرنے بھی پڑ جاتے ہیں لیکن میں خود کو کرلی بالوں میں زیادہ اچھی لگتی ہوں۔‘

شیئر: