Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پینڈیمک پیزا‘ نے ملائیشین خاندان کو بے روزگار ہونے سے بچا لیا

ملائیشیا کا یہ خاندان روایتی طریقے سے آگ پر پیزا بناتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی وبا کے دوران معاشی پریشانیوں سے چھٹکارے کے لیے ملائیشیا کے ایک خاندان نے اپنے گھر کے صحن میں پیزا بنانے کا کاروبار شروع کیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں۔
ملائیشیا کا یہ خاندان روایتی طریقے سے آگ پر پیزا بناتا ہے۔ 
کولاالمپور کے جنوب میں 120 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں جیماپوہ کا یہ خاندان پیزا کے لیے جڑی بوٹیوں، گوشت، مسالوں، موزریلا اور چیز کا استعمال کرتا ہے۔
اس کاروبار کو شروع کرنے والے رودھا حسن کا کہنا ہے کہ وہ یہ محنت جیب خرچ کے لیے کرتے ہیں۔
’لیکن خدا کا شکر ہے کہ ہم نے جو کیا اس کے بارے میں ہر کوئی بات کر رہا ہے۔‘
ملائیشیا میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے ایک ماہ بعد سے یہ خاندان اپنے عارضی باورچی خانے میں پیزا بنانے کا کاروبار کر رہا ہے۔

ملائیشیا کے اس خاندان نے پیزا بنانے کا کاروبار لاک ڈاؤن کے ایک مہینے بعد شروع کیا (فوٹو: اے ایف پی)

وبا کے دوران ریستورانوں کو کام کرنے کی اجازت تھی۔ سکارف بھیجنے کے کاروبار میں کمی آنے اور بہن بھائیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کے بعد رودھا حسن اور ان کے خاندان نے اس کاروبار کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے پیزا بنانے کے لیے اپنے گھر میں ایک تندور بنایا ہے۔ تاہم کاروبار کی کامیابی کی بعد اس خاندان نے دکان بھی بنائی ہے جس میں ان کے گاؤں کے 20 افراد کام کرتے ہیں۔
اس عارضی باورچی خانے میں ہفتے کے آٹھ دن روزانہ آٹھ سو کی تعداد میں پیزا بنائے جاتے ہیں۔

کاروبار کی کامیابی کے بعد گاؤں کے 20 افراد کو بھی روزگار ملا (فوٹو: اے ایف پی)

ایک کسٹمر کا کہنا ہے کہ پیزا کھانے دوبارہ یہاں آئیں گے کیونکہ یہاں کا پیزا عمدہ ہے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم نے اکتوبر میں کہا تھا کہ رواں برس آٹھ لاکھ سے زیادہ افراد بے روزگار ہوئے ہیں۔
ملائیشیا نے بڑی حد تک کورونا وائرس کے لیے نافذ پابندیوں کو اٹھا لیا ہے جبکہ زیادہ تر کاروبار بھی دوبارہ شروع ہو گئے ہیں تاہم حالیہ ہفتوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد ملائیشیا ایک مرتبہ پھر اس وائرس کے خلاف لڑ رہا ہے۔

شیئر: