Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ڈی ایم جلسہ: کارکنان تالے توڑ کرسٹیڈیم میں داخل

پی ڈی ایم نے 30 نومبر کو ہر صورت میں ملتان میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پنجاب کی صوبائی حکومت نے پی ڈی ایم کو ملتان میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان جلسے سے قبل قاسم باغ کے دروازے توڑ کر سٹیڈیم میں داخل ہو گئے ہیں۔
اجازت نہ ملنے کے باوجود حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم)  نے 30 نومبر کو ہر صورت میں ملتان میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سٹیڈیم میں داخلے کے وقت پولیس اور سیاسی کارکنان کے درمیان جھڑپ اور تلخ کلامی ہوئی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے قاسم باغ تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سابق وزیراعظم یوست رضا گیلانی کے صاحبزادوں علی حیدر گیلانی اور موسیٰ گیلانی نے کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلیز پارٹی کے رہنما موسیٰ گیلانی نے کہا ہے کہ کارکنان نے سٹیڈیم کی جانب جانے والے راستوں سے  پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے کھڑی کی گئی تمام رکاٹیں ہٹا دی اور قاسم باغ میں داخل ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ قاسم باغ ہی میں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’حکومت نے جو کرنا ہے کرلے، جلسہ تو ہوکر رہے گا۔‘
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

شیئر: