Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی ڈی ایم کے جلسوں میں شرکت نہیں کروں گا‘

محسن داوڑ نے لکھا کہ وہ پی ڈی ایم کے کے مطالبات کی حمایت جاری رکھیں گے (فوٹو:سوشل میڈیا)
پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا ہے کہ وہ اب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسوں اور اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
 بدھ کو محسن داوڑ نے سلسلہ وار ٹویٹس میں لکھا کہ ’میں نے اپنے دوستوں، ساتھیوں اور حمایتیوں سے تفصیلی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔‘

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ ’پی ڈی ایم کی کچھ جماعتوں نے واضح یا مبہم انداز میں فورم میں میری شرکت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پی ڈی ایم کے جمہوریت کی مضبوطی اور سویلین بالادستی کے مطالبات کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ’ہم لوگوں کو انصاف اور حقوق کی فراہمی، قانون کی عملداری،پارلیمنٹ اور آئین کی حکمرانی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘

انہوں نے ملتان جلسے میں مدعو کرنے پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں بلاول بھٹو زرداری کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے ملتان میں ہونے والے جلسے میں شرکت کی دعوت دی اور آل پارٹیز کانفرنس میں مدعو کیا جس کے نتیجے میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا قیام عمل میں آیا۔‘

محسن داوڑ نے مزید لکھا کہ وہ ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو ان کے حق میں بولے، ان کے ساتھ تعاون کیا، اور ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 20 ستمبر کو پیپلز پارٹی کے زیر انتظام ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ کے نام سے اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد تشکیل دیا گیا تھا۔
پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف اپنے لائحہ عمل کے تحت ملک گیر جلسوں کا اعلان کیا تھا اور اب تک گجرانوالہ، کراچی، کوئٹہ، سوات اور پشاور میں جلسے منعقد کر چکی ہے۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 20 نومبر کو ملتان میں میدان سجانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

شیئر: