Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکیورٹی خدشات، بنگلہ دیش ٹی20 ورلڈ کپ میچز انڈیا سے منتقل کرنے کا مطالبہ کرے گا

بنگلہ دیش کا کہنا ہے کہ انڈیا میں کھلاڑیوں کو سکیورٹی کے خدشات ہو سکتے ہیں (فوٹو: گیٹی)
بنگلہ دیش نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے دوران اس کے میچز انڈیا سے منتقل کر کے سری لنکا میں کرائے جائیں۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے مستفیض الرحمان کو سکواڈ سے نکال دیا تھا۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو خدشہ ہے کہ موجودہ حالات میں انٖڈیا بالخصوص کولکتہ میں، بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ کے ابتدائی تین میچز کولکتہ میں کھیلنے ہیں۔
بی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ہنگامی آن لائن اجلاس کے بعد میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین نے کرک انفو کو بتایا کہ ’ہمارے ٹی20 ورلڈ کپ کے تین میچز کولکتہ میں ہیں، اس لیے آج پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ہم آئی سی سی کو خط لکھیں گے۔‘
بنگلہ دیش کے سپورٹس ایڈوائزر آصف نذرل نے بھی انڈیا میں ٹیم کی سیکیورٹی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’جب ایک ایسا کھلاڑی جس کے ساتھ آئی پی ایل نے معاہدہ کر رکھا ہے وہ بنگلہ دیش میں نہیں کھیل سکتا تو پوری ٹیم خود کو محفوظ کیسے محسوس کر سکتی ہے۔‘
انہوں نے بی سی بی کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئی سی سی کو مکمل صورتحال سے آگاہ کرے اور میچز سری لنکا منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست دے۔
آصف نذرل نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر لکھا کہ ’میں نے بی سی بی کو ہدایت کی ہے کہ وہ پورا معاملہ آئی سی سی کے سامنے رکھے۔ بورڈ کو یہ بتانا چاہیے کہ جہاں ایک بنگلہ دیشی کرکٹر معاہدے کے باوجود انڈیا میں نہیں کھیل سکتا، وہاں پوری ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے خود کو محفوظ نہیں سمجھ سکتی۔ میں نے یہ بھی کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچز سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی جائے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کو بنگلہ دیش میں آئی پی ایل کی نشریات روکنے کی درخواست بھی کی ہے۔
یاد رہے کہ دوسری جانب سنیچر کو کے کے آر نے مستفیض الرحمان کو بی سی سی آئی کی ہدایت پر ٹیم سے نکالنے کی تصدیق کی تھی۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے میچز کولکتہ اور ممبئی میں شیڈول ہیں جبکہ ان کا پہلا میچ 7 فروری کو ایڈن گارڈنز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونا ہے۔

شیئر: