Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کے مزید دو ارکان کورونا پوزیٹیو

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ سکواڈ میں کورونا مثبت آنے والے 10 ارکان میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تعداد کتنی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے 53 رکنی سکواڈ میں مزید دو ممبران کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد سکواڈ میں شامل کورونا سے متاثرہ ارکان کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔  
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے اردو نیوز کو جمعرات کو نیوزی لینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں شامل مزید دو کھلاڑیوں کی ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔  
حکام کے مطابق سکواڈ میں شامل مزید دو ارکان کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سکواڈ میں شامل کورونا سے متاثرہ ارکان کی تعداد 10 ہو گئی ہے جن میں چھ نئے جبکہ چار پرانے کیسز ہیں۔  

 

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ سکواڈ میں کورونا مثبت آنے والے 10 ارکان میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تعداد کتنی ہے۔  
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے پاکستان ٹیم کا 53 رکنی دستہ کرائسٹ چرچ میں موجود ہے جس میں 33 کھلاڑی اور 20 آفیشلز شامل ہیں۔  
کرائسٹ چرچ پہنچنے پر کھلاڑیوں کو 14 روز کے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جس کا دورانیہ 8 دسمبر کو ختم ہوگا۔ پاکستان کے سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کے پہلا کورونا ٹیسٹ میں 6 کھلاڑیوں کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد ٹیم کو ٹریننگ سے بھی روک دیا گیا۔  
واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ پہنچنے پر سکواڈ میں شامل چند کھلاڑیوں کی جانب سے کورونا پروٹوکولز کی خلاف ورزی بھی کی گئی تھی جس کے بعد نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آخری وارننگ بھی جاری کی تھی۔  
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نیوزی لینڈ پہنچنے کے پہلے 12 گھنٹے کے دوران پروٹوکولز کی معمولی خلاف ورزی دیکھی گئی، اس کے بعد کھلاڑی مکمل طور پر نیوزی لینڈ حکومت کے طے کردہ پروٹوکولز کے مطابق تعاون کر رہے ہیں اس لیے تاحال نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین ہونے والی سیزیز کو کوئی خطرہ نہیں۔  
جمعرات کو پاکستان اور نیوزی لینڈ اے کے مابین چار روزہ کرکٹ میچ پی سی بی کی درخواست پر منسوخ کر دیا گیا۔ مینجڈ آئیسولیشن میں کھلاڑیوں کی پریکٹس میں تاخیر کے باعث میچ کی تاریخوں میں تبدیلی یا منسوخی کی درخواست کی گئی تھی۔  

شیئر: