Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے سکواڈ میں سرفراز کی واپسی

سرفراز احمد کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ فوٹو: پی سی بی
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 18 رکنی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے تین میچز 18، 20 اور 22 دسمبر کو بالترتیب آکلینڈ، ہملٹن اور نیپئر میں کھیلے جائیں گے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف اعلان کردہ 18 رکنی قومی کرکٹ ٹیم میں تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد اور حسین طلعت کی واپسی ہوئی ہے۔ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی ہوم سیریز میں قومی اسکواڈ کا حصہ رہنے والے روحیل نذیر، فخر زمان اور ظفر گوہر کو نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

 

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اس وقت کرائسٹ چرچ میں اپنی قرنطینہ کی مدت پوری کر رہے ہیں۔ اور 8 دسمبر کو کرائسٹ چرچ سے کوئنز ٹاؤن روانہ ہوں گے۔
ٹی ٹونٹی سیریز کے اختتام پر عماد وسیم اور محمد حفیظ کو سکواڈ سے ریلیز کر دیا جائے گا۔ عماد وسیم 23 دسمبر کو بگ بیش لیگ کھیلنے آسٹریلیا جبکہ محمد حفیظ 24 دسمبر کو وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ مشکل حالات میں صبر اور برداشت کا بہترین مظاہرہ کرنے والے ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے کوویڈ 19 کی عالمی وبا کے دوران کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔

ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے اعلان کردہ قومی سکواڈ:

بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، سرفراز احمد ، محمد رضوان،حیدر علی، محمد حفیظ، افتخار احمد، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر،وہاب ریاض،  فہیم اشرف، موسیٰ خان، عماد وسیم اور عبداللہ شفیق۔

شیئر: