Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہر حال میں کرکٹ‘ نیوزی لینڈ میں کھلاڑی آئسولیشن کے باوجود اِن ایکشن

کھلاڑی ہوٹل کے کمروں تک محدود ہونے کے باوجود نہ صرف ورزش کرتے ہیں۔ فوٹو: پی سی بی
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہوٹل کے کمروں تک محدود ہونے کے باوجود نہ صرف ورزش کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے سے رابطے میں بھی رہتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ’ہر حال میں کرکٹ‘ کے ہیش ٹیگ سے ایک ایسی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں کوچ یاسر ملک ٹریننگ سیشن کرا رہے ہیں اور کانفرنس کال کے ذریعے تمام کھلاڑی ان کی ہدایت کو فالو کرتے ہوئے ورزش کر رہے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے کی گئی ٹویٹ کے آخر میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے لکھا گیا ہے ’گو ویل بوائز‘
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو پر کمنٹس کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
جمعے کو نیوزی لینڈ کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ایشلے بلومفیلڈ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے وہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت نہیں دے سکتے۔
نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایسی چھوٹ نہیں دیں گے کہ وہ ہوٹل کے کمروں سے نکل کر گروپس کی شکل میں ٹریننگ کر سکیں جبکہ وہ کرائسٹ چرچ میں آئسولیشن کے عمل میں ہیں۔‘

ڈاکٹر ایشلے بلومفیلڈ کا کہنا تھا کہ ’میں اس صورت حال کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہوں، اس وقت بھی خدشات ہیں کہ سکواڈ میں انفکیشن پھیل سکتا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان کی ٹیم میں کئی فعال کیس سامنے آئے ہیں۔
ڈی جی ہیتلھ نے کہا تھا کہ ’کورونا کے حوالے سے اپنائے جانے والے ہمارے طریقہ کار کا سلسلہ جاری رہے گا چاہے وہ کسی ایک کھلاڑی کے بارے میں ہو یا پھر پوری ٹیم کے لیے ہو۔
خیال رہے کہ جمعرات کو نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے 53 رکنی سکواڈ میں مزید دو ممبران کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد سکواڈ میں شامل کورونا سے متاثرہ ارکان کی تعداد 10 ہو گئی۔

شیئر: