Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرم کی لائبریری میں کتابوں کی سینیٹائزنگ کس طرح ہوتی ہے؟

کتابوں کی سینیٹائزنگ میں آٹھ گھنٹے لگتے ہیں(فوٹو، سبق )
ادارہ امور حرمین کے تحت قائم کتب خانے میں ہزاروں کتابوں کو جراثیم سے محفوظ رکھنے کے لیے جدید ترین طریقہ اختیار کیا جاتا ہے۔
تاریخی و نادر کتب کے علاوہ دیگر کتابوں کو استعمال کے بعد انہیں فوری طور پر جراثیم کش سسٹم سے گزارا جاتا ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ادارہ امور حرمین کے کتب خانے میں شعبہ سینیٹائزنگ کے ذمہ دار خالد الزھرانی نے بتایا کہ کتابوں اور نادر نسخوں کوجراثیم سے صاف کرنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے گئے یونٹ میں رکھا جاتا ہے۔
الزھرانی نے بتایا کہ مخصوص یونٹ میں بیک وقت 100 کتابوں کو رکھا جاتا ہے۔

 ایک ہی وقت میں سو کتابوں کو یونٹ میں رکھاجاسکتا ہے(فوٹو، سبق )

کتابوں کی سینیٹائزنگ کے حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ ایک سو کتابوں کو مکمل طور پر سینیٹائز کرنے میں 8 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔
کتب خانے سے کتابوں کو سینیٹائزنگ یونٹ تک منتقل کرنے کے طریقہ کار کے حوالے سے الزھرانی نے بتایا کہ مخصوص ٹرالی کے ذریعے لائیبریری کے ہال سے کتابوں کو سینیٹائزنگ روم میں منتقل کیا جاتا ہے۔
کتب کو سینیٹائز کرنے کے بعد انہیں مخصوص بیگز میں رکھا جاتا ہے جو پہلے سے ہی جراثیم کش کی جا چکی ہوتی ہیں، بعد ازاں انہیں لائبریری میں پہنچا دیا جاتا ہے۔
سینیٹائزنگ یونٹ کے حوالے سے الزھرانی نے بتایا کہ کتب کوسینیٹائز کرنے کے لیے خصوصی طور پر یونٹ تیار کرایا گیا ہے۔
یونٹ میں ’اوزون شعاعوں‘ کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے کتابوں اور قلمی نسخوں اور تحریر کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوتا بلکہ ان پر موجود جراثیم ختم ہوجاتے ہیں۔
دوسری جانب حرم لائیبریری میں نادر قلمی نسخوں کے نگران ’عادل عید ‘ کا کہنا تھا کہ قدیم اور نادر نسخوں کو محفوظ رکھنے اور انہیں جراثیموں سے صاف کرنے کے لیے خصوصی طورپر یونٹ تیار کرایا گیا ہے، یونٹ کی خوبی یہ ہے کہ اس کے ذریعے اوراق پر لگی باریک گرد کو بھی صاف کر دیا جاتا ہے۔ گرد کو صاف کرنے کےلیے خصوصی برش استعمال کیا جاتا ہے۔

قلمی نسخوں کی حفاظت کےلیے خصوصی برش استعمال کیاجاتاہے  (فوٹو، سبق)

کتب خانے میں آنے والوں کا ریکارڈ رکھنے والے شعبے کے ذمہ دار ’ایمن السھلی ‘ کا کہنا تھا کہ حرم شریف کھولے جانے کے تیسرے مرحلہ سے اب تک 1900 زائرین کتب خانے میں آچکے ہیں۔
لائبریری مطالعہ روم میں سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔ فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے اب وہاں بیک وقت 15 سے 20 افراد کی گنجائش ہے۔

شیئر: