Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف: ٹڈی دل کا حملہ، سپرے مہم جاری

سپرے کے بعد ٹڈیاں انسانی صحت کے لیے مضر ہوسکتی ہیں (فوٹو: سبق)
طائف میں محکمہ انسداد ٹڈی دل کے لیے مخصوص کمیٹیوں کی سپرے مہم جاری ہے۔ اس ضمن میں 40 فیصد ٹڈیوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ نے محکمہ ماحولیات و زراعت کے حوالے سے کہا ہے کہ طائف کے مغربی علاقے ’الوسام‘ میں بڑی تعداد میں ٹڈیوں نے حملہ کر دیا تھا جس پر محکمے نے فوری طور پرعلاقے کا سروے کرکے سپرے ٹیموں کو متعین کردیا۔ 

طائف میں سپرے ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں (فوٹو: سبق)

محکمے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ٹڈی دل طائف کے علاقے ’الھدا‘ پر بھی حملہ آور ہوا جہاں فوری طور پر سپرے ٹیمیں پہنچ گئیں جس کے بعد ٹڈیوں کا رخ کمشنری کی شمالی سمت ہو گیا۔ 
محکمہ انسداد ٹڈی دل کی جانب سے علاقے کا تفصیلی سروے کیا جارہا ہے اور جہاں بھی ٹڈی دل کے حملوں کا خطرہ محسوس کیا جاتا ہے وہاں خصوصی سپرے ٹیمیں متعین کردی جاتی ہیں۔ 

وزارت ماحولیات نے ٹڈیوں کی موجودگی کی اطلاع کے لیے نمبر جاری کردیا (فوٹو: سبق)

وزارت ماحولیات وزراعت کی جانب سے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ اگر کہیں ٹڈی دل دکھائی دے اس کے بارے میں فوری طور پر محکہ کو 0530233560  نمبر پر مطلع کریں۔ 
محکمے نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ٹڈیوں کو نہ کھائیں کیونکہ ان پر کیے جانے والا سپرے کے بعد ٹڈیاں انسانی صحت کے لیے مضر ہوسکتی ہیں۔ 
واضح رہے کہ سعودی عرب میں برسوں سے ٹڈیوں کو بھون کرکھایا جاتا تھا۔ بادیہ نشین اسے غذائیت سے بھرپور توانائی بخش خوارک کہتے ہیں۔

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: