Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حالات ایسے نہیں کہ اولمپکس 2021 ملتوی کیے جائیں: جاپان

اولمپکس 2020 دارالحکومت ٹوکیو میں جولائی میں منعقد ہونا تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
جاپان نے اولمپکس 2021 کے حوالے سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کے باوجود ایسے حالات نہیں ہیں کہ اولمپکس گیمز دوبارہ منسوخ کی جائیں۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو منگل کو دیے گئے انٹرویو میں ٹوکیو کی گورنر یوریکو کوئیکے نے خبردار کیا کہ اولمپکس دوبارہ منسوخ ہونے سے دیگر بین الاقوامی کھیلوں کا مستقبل بھی متاثر ہوگا، جن میں بیجنگ میں ہونے والی ونٹر گیمز 2022  اور پیرس کی سمر گیمز 2024 شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اولمپکس جولائی 2020 میں جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہونا تھے جو کورونا کی علامی وبا کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ اولمپکس گیمز منسوخ کی گئی تھیں جو جولائی 2021 میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گورنر یوریکو کوئیکے نے اعتراف کیا کہ موجودہ حالات کے باعث جاپان کے شہریوں کی اکثریت کھیلوں کی میزبانی کرنے کی مخالف ہے تاہم حکومت مستقبل کے حالات کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹوکیو میں اتنی بڑی سطح پر کھیل منعقد ہونے سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ انسانیت نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے، جس کے بعد بیجنگ ونٹر گیمز اور پیرس گیمز منعقد ہونے کی راہ بھی ہموار ہو جائے گی۔
نئے شیڈول کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک اولمپکس گیمز منعقد ہوں گی۔
جون میں جاپانی حکام اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ گیمز دوبارہ ملتوی کرنا ممکن نہیں ہوگا، ایک برس کی تاخیر سے بھاری مالی نقصان ہو چکا ہے۔

شیئر: