Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود قریشی کی دبئی کے حکمران سے ملاقات

ملاقات کے دوران امارات میں مقیم پاکستانیوں سے متعلقہ معاملات بھی زیر بحث آئے (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے دبئی میں ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں دونوں فریقین کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مزید فروغ دینے، دو طرفہ تجارت میں اضافے بالخصوص زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے پر جمعرات کو دبئی پہنچے ہیں۔ 
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
وزیر خارجہ نے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کو  یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے درخواست کی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر امارات کے کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کریں۔
دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان کی شمولیت کو ممکن بنانے پر وزیر خارجہ نے دبئی کے حکمران کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں پاکستان کے عزم کا عائدہ کیا۔
علاوہ ازیں جمعرات کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں امارات کے صدر شیخ زید بن النیہان کو چولستان اور رحیم یار خان میں لیز پر دی گئی سرکاری اراضی میں مزید توسیع دینے کی منظوری دے دی۔ 

شیئر: