Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد وسیم کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین مقرر

43 سالہ محمد وسیم ابھی ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن میں بطور ہیڈ کوچ فرائض انجام دے رہے ہیں (فوٹو:ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد وسیم کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین اورسلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔ تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے دونوں عہدیداران کی تقرری تین سال کے لیے کی گئی ہے اور وہ آئی سی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 تک اس عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔
پی سی بی کے مطابق اس تعیناتی کی منظوری جمعرات اور جمعہ کو امیدواران کے آن لائن انٹرویوز کا فائنل راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی ہے۔
محمد وسیم کی پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے جنوری کے وسط میں قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کرنا ہے جبکہ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس سال 2021 میں پہلے ٹیسٹ سے قبل کراچی میں ہوگا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
43 سالہ محمد وسیم ابھی ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن میں بطور ہیڈ کوچ فرائض انجام دے رہے ہیں اور ان کی ٹیم قائد اعظم ٹرافی کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔
گزشتہ سال ناردرن نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ جیتنے کے ساتھ ساتھ قائداعظم ٹرافی میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ناردرن کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے محمد وسیم قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے، وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کا چارج قائد اعظم ٹرافی کے بعد سنبھالیں گے۔
پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی تشکیل میں کوئی تبدیلی نہیں کی، تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون ٹیموں کے ہیڈ کوچز ہی سلیکشن پینل میں شامل رہیں گے۔

پی سی بی کے مطابق سلیم یوسف نے آخری مرتبہ بطور رکن سلیکشن کمیٹی پی سی بی کے ساتھ کام کیا تھا (فوٹو:ٹوئٹر)

محمد وسیم کے چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا چارج سنبھالنے کے بعد ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے نئے کوچ کی تقرری کردی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق سلیم یوسف نے آخری مرتبہ بطور رکن سلیکشن کمیٹی پی سی بی کے ساتھ کام کیا تھا، وہ 2013  سے 2015 تک قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہے، سلیم یوسف اب کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے کام کریں گے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ وہ دو بہترین افراد کی بطور چیئرمین سلیکشن کمیٹی اور کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے تقرری پر بہت مسرور ہیں، دونوں عہدیداران کی تقرری تین سال تک کے لیے کی گئی ہے۔

شیئر: