Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرے شوہر کو دہشت گرد اور پاکستانی کہا گیا‘

ارمیلا متونڈکر نے 2016 میں محسن اختر سے شادی کی (فوٹو: فیس بک)
انڈین اداکارہ ارمیلا متونڈکر نے انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر نہ صرف ان کی ٹرولنگ کی گئی بلکہ ان کے شوہر کو دہشت گرد اور پاکستانی کہا گیا۔
حال ہی میں ارمیلا متونڈکر کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جس کو بعد میں بحال کر دیا گیا۔
انڈین میگزین مڈ ڈے کے مطابق صحافی برکھا دت کو دیے گئے انٹرویو میں 46 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کو اور ان کے شوہر محسن اختر کو آن لائن نفرت اور نامناسب سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔
برکھا دت کے ساتھ بات چیت میں ارمیلا متونڈکر نے کہا کہ ’میرے شوہر کو دہشت گرد اور پاکستانی کہا گیا۔ میرا مطلب ہے کہ ان سب باتوں کی کوئی حد ہونی چاہیے۔ حتیٰ کہ وہ وکی پیڈیا کے صفحے میں بھی گئے اور میری والدہ کا نام رخسانہ احمد اور والد کا نام شوندر سنگھ کر دیا دو لوگ جو انڈیا میں کہیں رہ رہے ہوں گے تاہم میں نہیں جانتی۔ میرے والد کا نام شرکانت متونڈکر اور میری والدہ کا نام سنیتا متونڈکر ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے علاوہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ میرے شوہر نہ صرف مسلمان ہیں بلکہ وہ کشمیری مسلمان ہیں۔ ہم دونوں اپنے مذاہب کی پیروی کرتے ہیں اور سختی سے پیروی کرتے ہیں۔‘

ارمیلا متونڈکر نے بالی وڈ کی متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے (فوٹو: ٹوئٹر)

ارمیلا متونڈکر نے 1983 میں شیکھر کپور کی فلم ’معصوم‘ سے بطور چائلڈ اداکارہ کام شروع کیا۔ انہوں نے چمتکار، افلاطون، داؤد، رنگیلا، ستیا، کون مست، بھوت اور قرض میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ارمیلا متونڈکر نے لوک سبھا کے لیے 2019 میں کانگرس کے ٹکٹ سے انتخابات میں حصہ لیا تھا تاہم کامیاب نہیں ہوئیں، رواں ماہ انہوں نے شیوسینا میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
اس حوالے سے ارمیلا متونڈکر کا کہنا ہے ’شیوسینا کا خواتین ونگ بہت طاقتور ہے اور مجھے اس کا حصہ بننے کی خوشی ہے۔‘

شیئر: