Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کا سعودی عرب کے لیے یکطرفہ فلائٹس بحال کرنے کا اعلان

’پی آئی اے پیر سے سعودی عرب کے لیے یک طرفہ پروازوں کا آپریشن شروع کرے گی‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب کے لیے یکطرفہ فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’قومی ایئرلائن نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی واپسی کے لیے یک طرفہ پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پابندیوں میں کچھ نرمی کی وجہ سے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ ’یک طرفہ آپریشن کی وجہ سے پی آئی اے پر مالی بوجھ پڑے گا لیکن اس وقت مملکت میں موجود پاکستانیوں کی واپسی بھی قومی ذمہ داری ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’پی آئی اے پیر کے روز سے سعودی عرب کے لیے یک طرفہ پروازوں کا آپریشن شروع کر دے گی۔‘
یاد رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت پر ایک ہفتے کے لیے عارضی پابندی عائد کیے جانے کے بعد پی آئی اے نے 21 دسمبر سے پروازیں منسوخ کردی تھیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ تمام متاثرہ مسافروں کو پروازیں بحال ہوتے ہی ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
عبد اللہ خان کے مطابق پیر کو سعودی عرب کے لیے چھ پروازیں شیڈول کی گئی ہیں، جبکہ مسافروں کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے پروازوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب سعودی سول ایوی ایشن نے فضائی کمپنیوں کو مملکت سے غیر ملکی مسافروں کو لے جانے کی مشروط اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسافروں کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے پروازوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا جائے گا (فوٹو: ٹوئٹر)

عربی جریدے ’عکاظ‘ نے سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے حوالے سے کہا ہے کہ ’مملکت میں مقیم غیر ملکی مسافروں کو لے جانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اجازت دی گئی ہے۔‘ 
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ہے کہ ’غیر ملکی فضائی کمپنیوں کے عملے کو سعودی عرب کے کسی بھی ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
’وہ ممالک جہاں کورونا کی نئی شکل وبا کی صورت اختیار کرچکی ہے ان ممالک کےلیے فضائی سفر پر پابندی بدستور برقرار ہے۔‘

شیئر: