Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امید ہے جلد ویزہ کی بحالی ہو جائے گی: اماراتی سفیر

متحدہ عرب امارات کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کے لیے ویزہ پابندی عارضی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی  نے ملاقات کی ہے۔
وزارت راخلہ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کے اجرا پر پابندی سے متعلق بات چیت کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے بات ہوئی۔
وزیر داخلہ نے عرب امارات میں پاکستانی قیدیوں کی جلد رہائی کے لیے تعاون بڑھانے پر  بھی زور دیا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اورعرب امارات کے درمیان دیرینہ تعلقات ہے۔ ’پاکستانی شہریوں پر ویزہ پابندی کا جلد از جلد خاتمہ ہونا چاہئے۔‘
متحدہ عرب امارات کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کے لیے ویزہ پابندی عارضی ہے۔
بیان کے مطابق اماراتی سفیر نے کہا کہ’ ویزہ بحالی سے متعلق بات چیت جاری ہے۔ امید ہے ویزہ بحالی جلد ممکن ہوجائے گی۔
شیخ رشید احمد نے  مزید کہا کہ عرب امارات میں 15 لاکھ پاکستانی ورکرز قیمتی اثاثہ ہیں جو کہسالانہ تقریباً پانچ  ارب ڈالر زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی دیکھ بھال ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ’عرب امارات میں قید پاکستانیوں کو جلد لانے کے اقدامات پر یو اے ای حکومت کا تعاون درکار ہوگا۔‘
متحدہ امارات کے سفیر کا کہنا ہے عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار مثالی ہے۔ان کی دیکھ بھال ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
’وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان اور عرب امارات کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔‘
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان اور عرب امارات کے درمیان تعلقات باہمی بھائی چارے اورمحبت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعلقات کے مزید فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
ملاقات میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔

شیئر: