یمن ایئرپورٹ پر حملے کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ
عدن ایئرپورٹ پر حملے میں 27 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
یمن کے شہر عدن کے ہوائی اڈے پر حملے کی تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یمنی حکام اور انسانی حقوق کے گروپوں کی جانب سے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایئرپورٹ پر حملے کی تفتیش کی نگرانی کرے۔
اس حملے میں کم سے کم 27 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
بدھ کو سعودی عرب سے آنے والی پرواز کے فوراً بعد کئی راکٹ ہوائی اڈے کی جانب داغے گئے۔ اس جہاز میں یمن کی نئی تشکیل پانے والی کابینہ کے افراد سوار تھے۔
جینوا میں انسانی حقوق کے ایک گروپ سیم آرگنائزیشن فار رائٹس اینڈ فریڈمز نے عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ جینوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے اور اسے جنگی جرم قرار دیا جائے۔
سیم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے۔
الایام اخبار کو ذرائع نے بتایا کہ فرینڈز آف سدرن یمن کے سربراہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا ہے جس میں ہوائی اڈے پر حملے کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔