Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 2021، ٹیموں نے کئی بڑے کھلاڑی ریلیز کر دیے

شیڈول کے مطابق پی ایس ایل سیزن 6 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے لیے تمام ٹیموں نے اپنے برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں کے انتخاب کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ جب کہ بہت سے مشہور پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو ان کی ٹیموں نے ریلیز کر دیا ہے۔
رواں سال پشاور زلمی کے علاوہ ہر ٹیم نے آٹھ آٹھ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔ جب کہ زلمی نے صرف پانچ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔ باقی کھلاڑیوں کے انتخاب کی ڈرافٹنگ اتوار کو ہائی پرفامنس سنٹر میں ہو گی۔
کراچی کنگز نے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو برقرار رکھا ہے جب کہ ون ڈے اور ٹی 20 کے نائب کپتان شاداب خان اس سیزن میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ہی نمائندگی کریں گے۔ اس کے علاوہ دونوں ٹیموں نے برطانوی بلے باز ایلکس ہیلز اور جنوبی افریقہ کے کولن انگرام کا بھی کامیاب تبادلہ کیا ہے۔

 

پاکستان سپر لیگ کی جانب سے جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق پی ایس ایل سیزن 6 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا جبکہ فائنل 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
سیزن 6 کے تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے، جن کے لیے لاہور اور کراچی کے اسٹیڈیمز کا انتخاب کیا گیا ہے۔
پلاٹینیم کیٹگری میں 2020 کی فاتح کراچی کنگز نے بابر اعظم اور محمد عامر کو رکھا ہے۔ جب کہ لاہور قلندرز نے پلاٹینیم کیٹگری میں محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کو رکھا ہے۔
ملتان سلطان کے شاہد آفریدی اور رائلی روسو، پشاور زلمی کے شعیب ملک اور وہاب ریاض، جب کہ کوئٹہ گلیڈیٹرز کے سرفراز احمد بھی پلاٹینیم کیٹگری میں شامل ہیں۔
فرنچائزز نے جن دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے ان میں لاہور قلندرز کے بین ڈنک اور ڈیوڈ ویسے، ملتان سلطانز میں عمران طاہر اور جیمز وینس، پشاور زلمی کے لیام لیونگ سٹون اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے بین کٹنگ شامل ہیں۔

وہ اہم کھلاڑی جو ریلیز کیے گئے ہیں

کراچی کنگز نے اس سال پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان سمیت برطانوی فاسٹ بولر کرس جورڈن اور جنوبی افریقہ کے بیٹسمین کیمرون ڈیلپورٹ کو ریلیز کیا ہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے کرس لین، سمٹ پٹیل، عثمان شنواری اور ڈین ولاز کو ریلیز کیا گیا ہے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے اس سال جنید خان، معین علی، روی بوپارا، محمد عرفان اور ذیشان اشرف ریلیز کیے گئے ہیں۔
پشاور زلمی نے کارلوس بریتھویٹ، امام الحق، کیرن پولارڈ، تام بینٹن، لیام ڈوسن اور یاسر شاہ کو ریلیز کیا ہے۔
کوئٹہ گلیڈیٹرز نے احمد شہزاد، جیسن رائے، شین واٹسن، سہیل خان اور عمر اکمل کو ریلیز کیا ہے۔

شیئر: