Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل:’ویل پلیڈ کراچی، یہ تو ہونا تھا‘

بابر اعظم ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے بلے باز رہے (فوٹو: کراچی کنگز)
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے متاثر ہونے کے بعد تاخیر سے اختتام پذیر ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پانچواں ایڈیشن کراچی کنگز کی فتح کے ساتھ مکمل ہوا۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کی نمائندگی کرنے والی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی تو سوشل میڈیا باالخصوص ٹوئٹر پر نصف درجن سے زائد ٹرینڈز اور 24 گھنٹے سے زائد سرفہرست رہنے والے موضوع میں شائقین کی دلچسپی دیدنی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین نے جہاں دل کھول کر فاتح ٹیم کو داد دی، عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں سے متعلق خوشی کا اظہار کیا گیا وہیں رنراپ رہنے والی ٹیم لاہور قلندرز، باالخصوص فرنچائز کے مالک کو بہت زیادہ سراہا گیا۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والا فائنل مقابلہ تماشائیوں کے بغیر منعقد کیا گیا تھا۔ میچ کے دوران ٹیموں کی انتظامیہ، کچھ سیلیبریٹیز اور دیگر متعلقہ افراد موجود رہے۔
پاکستانی فلم اور ٹی وی کے اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید نے دیگر فنکار ساتھیوں اعجاز اسلم اور عدنان صدیقی کے ہمراہ میچ دیکھا۔ مقابلے کے نتیجے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے ایک ویڈیو میں کراچی کنگز کو مبارکباد دی تو کہا ’ویل پلیڈ کراچی، یہ تو ہونا ہی تھا‘۔
پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹورنامنٹ کے دوران بھرپور داد سمیٹتے رہے تاہم فائنل میں نصف سنچری اننگز کے ساتھ مین آف دی میچ اور متعدد دیگر ایوارڈز اپنے نام کرنے والے بابر کو شائقین اور کرکٹ حلقوں نے دل کھول کر سراہا۔

ٹورنامنٹ کے بہترین ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ پانے والے حیدر علی نے خوشیوں بھرے لمحات انٹرنیٹ صارفین سے شیئر کیے تو کراچی کنگز کو فتح کی مبارکباد دیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا ’یہ میرا پہلا سیزن تھا، میں اس کامیابی پر اللہ کا شکر گزار ہوں‘۔

فائنل میچ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکنے والے لاہور قلندرز کے کھلاڑی محمد حفیظ نے ٹورنامنٹ کے اختتام سے متعلق تبصرہ کیا تو آئندہ کے لیے اچھی امیدوں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’ہم مزید مضبوط ہو کر واپس آئیں گے‘۔

خوشیوں اور جذبات بھرے مواقع ختم ہونے لگیں تو شائقین کا دل نہیں چاہتا کہ وہ اپنے پسندیدہ لمحوں سے دوری برداشت کریں۔ پی ایس ایل سیزن فائیو کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔ فائنل مقابلے کے دوران ہی سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر یہ سوال گردش کرنے لگا کہ پاکستان سپر لیگ کا چھٹا ایڈیشن کب منعقد ہونا ہے۔
کچھ شائقین انتظار کی کیفیت کو زیادہ دیر برداشت نہیں کر سکے تو انہوں نے فروی، مارچ میں ٹورنامنٹ کے ممکنہ انعقاد کی خوشخبریاں دوسروں سے شیئر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

یاد رہے کہ منگل 17 نومبر کو کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل فائیو کے فائنل میں کراچی کنگز نے دوسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا تھا۔ لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کنگز نے 18.4 اوورز میں مکمل کر لیا تھا۔

شیئر: