Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پوڈیم چرانے والا ’وائیا گیٹی‘ گرفتار کیوں نہیں ہوا؟

امریکی تجزیہ کار ریان لیزا کے تصویر کے ساتھ لکھے گئے جملے نے سنجیدہ معاملے کو دلچسپ بنا دیا (فوٹو:گیٹی امیجز)
واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپٹل ہل کی عمارت پر دھاوے اور ہنگامہ آرائی پر نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھر میں اس معاملے پر کافی سنجیدہ تبصرے ہوئے۔
واشنگٹن میں پرتشدد مظاہرے کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں جنہیں بڑی تعداد میں صارفین نے اپنی ٹائم لائنز کا حصہ بنایا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے سینیئر تجزیہ کار ریان لیزا نے بھی اس ہنگامہ آرائی کی ایک تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں ٹرمپ کا ایک حامی ہاتھ میں پوڈیم اٹھائے مسکراتے ہوئے اپنی تصویر کھنچواتا نظر آ رہا ہے۔
ویسے تو یہ کیپٹل ہل پر چڑھائی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں سے ایک تھی اور صارفین مذمتی الفاظ کے ساتھ اسے شیئر کر رہے تھے، لیکن ریان لیزا کے اس تصویر کے ساتھ لکھے گئے جملے نے اس سنجیدہ معاملے کو دلچسپ بنا دیا۔
انہوں نے اس تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’وائیا گیٹی، ہنگامہ آرائی میں ملوث ایک شخص کیپٹل سے پوڈیم چرا رہا ہے۔‘
ریان لیزا نے یہ تصویر فوٹو ایجنسی ’گیٹی امیجز‘ سے لی تھی اسی لیے انہوں نے اس تصویر کے ساتھ مینشن کیا ’بذریعہ گیٹی‘ لیکن کئی صارفین لاعلمی کی وجہ سے اسے مذکورہ شخص کا نام سمجھ بیٹھے۔
اس ٹویٹ کے بعد ٹوئٹر صارفین ’اریسٹ وائیا گیٹی‘ کے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے مذکورہ شخص کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرنے لگے۔

روری کیم کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’اور اب ہمیں معلوم ہو گیا ہے کہ اس شخص کا نام وائیا گیٹی ہے (جو بھی اس کا نام ہے) کیا کوئی اس کے گھر جا کر اور اسے گرفتار کر کے یہ پوڈیم واپس نہیں لا سکتا؟‘

سوکی نامی صارف نے اس ٹویٹ پر سوال کیا کہ ’کیا کسی کو معلوم ہے یہ کون ہے؟ تاکہ اس کے خلاف کارروائی ہو سکے۔‘
چوکو ٹیکو نامی صارف نے انہیں جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’اس ٹویٹ میں لکھا ہے کہ اس کا نام وائیا گیٹی ہے۔‘

’وائیا گیٹی‘ کو ہنگامہ آرائی میں ملوث شخص کا نام سمجھنے والے ٹوئٹر صارفین کی تصیح کرتے ہوئے ایری اووربے نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ تصویر گیٹی امیجز سے لی گئی ہے، یہاں ریان نے یہ سمجھ لیا کہ شاید لوگ گیٹی امیجز کے بارے میں جانتے ہوں گے۔‘

شیری سیمپسن نامی صارف نے لکھا کہ ’جب وائیا گیٹی جیل میں بند ہو تو ہمیں اس کی تصویر مل جائے۔‘

ٹوئٹر پر ٹرینڈ ہونے والی اس دلچسپ خبر کو نہ صرف امریکی میڈیا  بلکہ انڈیا کے انٹرنیشنل بزنس ٹائمز پبلک چیٹ کے آفیشل اکاؤنٹ نے بھی رپورٹ کیا۔

شیئر: