Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی کرکٹ میں مقبولیت برقرار، ’انڈینز گھبرانا نہیں‘

آئی سی سی کے ٹوئٹر ہینڈل پر پولنگ میں پانچ لاکھ 36 ہزار 346 صارفین نے حصہ لیا۔ فوٹو: ویڈیو گریب
دنیا میں کرکٹ کا جب بھی ذکر ہوتا ہے تو پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کا نام لیا جاتا ہے۔ اس میں دو رائے نہیں کہ وہ آج بھی کرکٹ میں ایک بڑا نام سمجھے جاتے ہیں۔
 ان کی مقبولیت اس وقت بھی دیکھنے میں آئی جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ’پیس سیٹرز‘ کے عنوان سے کروائی گئی پولنگ میں عمران خان فاتح قرار پائے۔
عمران خان نے 47 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کو شکست دی، جنہوں نے 46 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

 

اس پولنگ میں پانچ لاکھ 36 ہزار 346 لوگوں نے حصہ لیا۔
 
آئی سی سی نے اپنے ٹویٹ میں تین مرد اور ایک خاتون کرکٹر کو شامل کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ کرکٹر ہیں جن کی بیٹنگ یا بولنگ اوسط، کپتان بننے کے بعد بہتر ہوئی ہے۔
آئی سی سی نے جن چار کرکٹرز کے نام دیے ان میں انڈیا کے وراٹ کوہلی، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلوی خاتون کرکٹر میگ لیننگ اور پاکستان کے سابق کپتان عمران خان شامل ہیں۔
آئی سی سی نے پولنگ میں لوگوں سے کہا کہ وہ یہ فیصلہ کریں کہ ان چاروں میں سے کس نے کپتان بننے کے بعد بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔
آئی سی سی نے اپنی ٹویٹ میں ان چاروں کرکٹرز کے جو اعداد و شمار دیے ان کے مطابق عمران خان کپتان بننے سے قبل ٹیسٹ میں بیٹنگ میں 25.43 کی اوسط رکھتے تھے جبکہ بولنگ میں ان کی اوسط 25.53 تھی۔ لیکن کپتان بننے کے بعد ان کی بیٹنگ اوسط میں کمال بہتری آئی اور وہ 52.34 ہوگئی جبکہ بولنگ اوسط میں بھی نمایاں کمی ہوئی اور وہ 20.26 فیصد ہو گئی۔
وراٹ کوہلی کی بیٹنگ اوسط عام کھلاڑی کی حیثیت سے 51.29 فیصد تھی جو کپتان بننے کے بعد 73.88 فیصد ہو گئی ہے۔
اے بی ڈی ویلیئرز جو اپنی پاور ہٹنگ کی وجہ سے مشہور ہیں، ان کی کپتان بننے سے پہلے ون ڈے کی بیٹنگ اوسط جو 45.97 فیصد تھی، کپتان بننے کے بعد وہ 63.94 فیصد ہو گئی تھی۔
میگ لیننگ کی ون ڈے کی بیٹنگ اوسط کپتان بننے سے قبل 43.87 فیصد تھی، جس میں کپتان بننے کے بعد بہتری آئی اور وہ 60.93 ہو گئی۔
سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل
آئی سی سی جب اپنے ٹویٹ میں پولنگ کے نتائج کا اعلان کیا، تو نیچے پاکستان اور انڈیا کے سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ ردعمل دیکھنے میں آئے۔
پاکستان فرسٹ نامی ایک صارف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’ڈیر انڈینز، گھبرانا نہیں ہے۔‘
بابر اعظم فین کلب نامی صارف نے ٹویٹ کیا ’ہم صرف پولز ہی جیتے ہیں، انڈیا ورلڈ کپ میں ہمیں ہر بار ہرا دیتا ہے۔‘
جب کہ ہمانشو جاٹ نامی ایک بھارتی صارف نے اپنے ٹویٹ میں پاکستان کے ایک نجی ٹی وہ چینل کا سکرین شاٹ لگا کر لکھا ’وہ لوگ ٹی وی پر ووٹ مانگ کر آگے نکل گئے۔ ہمیں بھی اس پول کے بارے میں ٹویٹ کرنا چاہیے تھا۔‘

شیئر: