Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی کی تمام عمارتوں پر 2030 تک سولر انرجی پینلز لگیں گے

دبئی کو گرین اکانومی کا عالمی مرکز بنانے کے لیے کوشاں ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں دبئی بجلی و پانی ادارے کے ایگزیکٹیو چیئرمین سعید الطایر نے کہا ہے کہ 2030 تک دبئی کی تمام عمارتوں پر سولر انرجی پینلز کی تنصیب کی جائے گی۔ یہ ہمارا بڑا ہدف ہے جو پورا کرلیا جائے گا۔ 
الامارات الیوم کے مطابق ادارے کے ایگزیکٹیو چیئرمین  کا کہنا تھا امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم دبئی کو گرین اکانومی اور ماحول دوست توانائی کا عالمی مرکز بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ 

ماحول دوست توانائی کی حکمت عملی 2050 کے تحت یہ کام ہورہا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

انہوں نے مزید کہا کہ دبئی میں پانی و بجلی کا ادارہ قابل تجدید ماحول دوست توانائی پر انحصار بڑھا رہا ہے۔ ماحول دوست توانائی کی حکمت عملی 2050 کے تحت یہ کام ہو رہا ہے۔ 
سعید الطایر کا کہنا تھا کہ محمد بن راشد آل مکتوم سولر انرجی کمپلیکس پوری دنیا میں کسی ایک جگہ سولر انرجی کا سب سے بڑا کمپلیکس ہے۔
یہ آئی پی پی سسٹم کے مطابق کام کررہا ہے۔ 2030 میں اس کی پیداوار پانچ ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ اس پر 50 ارب درہم کا سرمایہ لگایا جا رہا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ محمد بن راشد آل مکتوم کمپلیکس پروجیکٹ مکمل ہونے پر سالانہ 6.5 ملین ٹن سے زیادہ کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ 

شیئر: