Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کا شکار ہو گئی تھی، اب ٹھیک ہوں‘

ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ فیملی سے رہنا سب سے مشکل تجربہ تھا۔ فوٹو روئٹرز
ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئی تھیں تاہم اب بالکل ٹھیک ہیں۔
ثانیہ مرزا نے اپنی خیریت کے حوالے سے ٹویٹ میں کہا کہ اب وہ بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں۔
قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے ٹوئٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ کورونا سے گزرنے کا تجربہ اپنے فالورز کے ساتھ شیئر کرنا چاہتی ہیں۔
ثانیہ مرزا کے مطابق ان میں وائرس کی کوئی خاص علامات موجود نہیں تھیں لیکن پھر بھی انہوں نے خود کو الگ تھلگ رکھا۔
اس دوران ثانیہ مرزا کے لیے سب سے مشکل مرحلہ اپنے دو سالہ بچے اور اہل خانہ سے دوری تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتیں کہ فیملیز کن حالات سے گزرتی ہیں جب گھر کا کوئی فرد الگ تھلگ ہسپتال میں داخل ہو۔
ثانیہ مرزا نے کورونا وائرس سے گزرنے کے تجربے کوخوفناک بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک بے یقینی کی صورتحال تھی، جب ہر روز وائرس کی نئی علامت سامنے آ رہی ہوں تو اگلے لمحے کیا توقع کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس بے یقینی کی صورتحال سے نمٹنا نہ صرف جذباتی بلکہ دماغی اور جسمانی طور پر بھی انتہائی مشکل تھا۔
ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہو گئی ہیں، لیکن اپنی فیملی سے دور رہنا سب سے خوفناک بات تھی۔
’وائرس کوئی مذاق نہیں ہے، تمام تر حفاظتی تدابیر اپنانے کے بعد بھی ہو گیا۔‘
ثانیہ مرزا نے اپنے فالوورز کو ماسک پہننے اور ہاتھ دھونے کی تلقین کی تاکہ خود کو اور اپنے اہل خانہ کو وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔

شیئر: