Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کے ٹو کے قریب لاپتہ روسی کوہ پیما کی لاش برآمد

ایلکس گولڈ فارب ممکنہ طور پر پاستور پیک پر ایک پہاڑ سے گرے ہوں گے، جو کہ قراقرم رینج میں براڈ پیک کے قریب ہے۔ فائل فوٹو: الپائن کلب ٹوئٹر
روس نژاد امریکی کوہ پیما ایلکس گولڈ فارب کی لاش ایک دن کی تلاش کے بعد مل گئی ہے جو 16 جنوری کو پاکستان کے شمال میں واقع چھ ہزار میٹر سے اونچی پاستور پیک پر چڑھتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق ایلکس گولڈ فارب ممکنہ طور پر پاستور پیک پر ایک پہاڑ سے گرے ہوں گے، جو کہ قراقرم رینج میں براڈ پیک کے قریب ہے۔
منگل کو ایلپائن کلب کے سیکرٹری کرار حیدری نے عرب نیوز کو بتایا کہ کوہ پیما ایلکس گولڈ فارب کی لاش پاکستان آرمی کی ایک ٹیم کو ایک دن تک تلاش جاری رکھنے کے بعد پیر کو ملی۔
کرار حیدری کا کہنا تھا کہ ایلکس گولڈ فارب اور ہنگری کے زولٹان زلاکو نے پاستور پیک پر کچھ وقت گزارنے کا ارادہ کیا تھا۔
ایلکس گولڈ فارب کے بیٹے کی طرف سے تعزیتی پیغام سے کچھ فقرے سناتے ہوئے کرار حیدری نے بتایا کہ 'ایلکس ایک ایسے آدمی ہیں جو کبھی ہار نہیں مانتے ہیں۔ سویت حکومت کے زوال کے بعد وہ (روس سے) امریکہ گئے اور وہاں ایک پلاسٹک کی فیکٹری میں غیر قانونی طور پر کام شروع کیا۔
انہوں نے پیسوں کے لیے (اپنے خون کا) پلازمہ بھ فروخت کیا۔ دس سال کے عرصے کے اندر انہوں نے دو پی ایچ ڈی کیے اور ہارورڈ میں میڈیسن کے پروفسر بن گئے۔'

سنیچر کو نیپال سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماؤں نے موسم سرما میں پہلی بار کے ٹو کی چوٹی سر کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ فوٹو: نرمل پرجا

واضح رہے کہ سنیچر کو نیپال سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماؤں کی ایک ٹیم نے موسم سرما میں پہلی بار کے ٹو کی چوٹی سر کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔
پاکستان اور چین کی سرحد پر واقع کے ٹو کی چوٹی آٹھ ہزار میٹر سے زائد کی اونچائی پر موجود ہے اور اسے پہلے کبھی کسی نے موسم سرما میں سر نہیں کیا۔
نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم میں شامل افراد کے نام ہیں نرمل پرا، گلجی شیرپا، منگما ڈیوڈ شیرپا، منگما جی، سونا شیرپا، منگما تینزی شیرپا، پیم چھری شیرپا، داوا ٹیمبا شیرپا، کیلی پیمبا شیرپا اور داوا ٹنجنگ شیرپا۔
تاہم خوشی کا یہ موقع پہاڑ پر سپین کے مشہور کوہ پیما سرگیو منگوٹے کی ہلاکت سے ماند پڑ گیا۔ وہ بیس کیمپ کے لیے اترتی ہوئی گر گئی تھی۔

شیئر: