Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی بحریہ کے سربراہ امجد خان نیازی کا سعودی عرب کا دورہ

نیول چیف امجد خان نیازی نے چیف آف جنرل سٹاف اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ملاقاتیں کیں (فوٹو: پاکستان نیوی)
پاکستانی بحریہ کے سربراہ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں نے چیف آف جنرل سٹاف اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ملاقاتیں کیں۔
جمعے کو ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نیوی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ریاض میں رائل سعودی نیول فورسز کے ہیڈکوارٹرز میں کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبد اللہ الغفیلی نے پاکستانی بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔
سعودی نیول فورسز کے چاق و چوبند دستے نے نیول چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
نیول چیف نے رائل سعودی نیول فورسز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں سعودی بحری فوج کے جاری آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بعدازاں پاکستانی بحریہ کے سربراہ نے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبد اللہ الغفیلی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقاتوں میں میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: پاکستان نیوی)

سعودی حکام نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔ علاوہ ازیں رائل سعودی نیول فورسز کی صلاحیت میں اضافے اور عسکری تربیت میں پاکستانی بحریہ کے کردار کو بھی سراہا گیا۔
پریس ریلیز کے مطابق یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو بالعموم اور بحری تعاون کو بالخصوص فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

شیئر: