Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشہور امریکی ٹی وی میزبان لیری کنگ انتقال کر گئے

 لیری کنگ امریکہ کے مشہور ٹاک شو لیری کنگ لائیو کے میزبان تھے۔ فائل فوٹو: سی این این
امریکہ کے مشہور ٹی وی ٹاک شو، لیری کنگ لائیو، کے میزبان لیری کنگ کا 87 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔
سی این این کے مطابق لیری کنگ کے بیٹے چانس نے سنیچر کی صبح ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
لیری کنگ کی کمپنی ’اورا میڈیا‘ نے ان کے انتقال کی وجہ بیان نہیں کی لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ماہ کے شروع میں لیری کنگ کو کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
 لیری کنگ کی کمپنی کے فیس بک پر آفیشل اکاؤنٹ سے ان کی موت کی خبر پوسٹ کی گئی۔
’اورا میڈیا بہت افسوس کے ساتھ اپنے شریک بانی، میزبان اور دوست لیری کنگ کی موت کا اعلان کرتی ہے۔ ٹی وی، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر ان کے انٹرویوز، ایوارڈز اور عالمی شہرت ان کے ایک منفرد براڈکاسٹر ہونے کی تصدیق ہے۔‘
اے ایف پی کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے سنیچر کو لیری کنگ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 
کریملن کے ترجمان دمیتری پیسکو نے کہا کہ ’لیری کنگ نے کئی مرتبہ پوتن کے انٹرویوز کیے۔ صدر نے ہمیشہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی۔‘
لیری کنگ امریکہ کے مشہور ٹاک شو لیری کنگ لائیو کے میزبان تھے جو کہ سی این این پر 1985 سے 2010 تک نشر ہوا تھا۔
یہ سی این این کا سب سے زیادہ دیکھا جانے اور طویل عرصے تک چلنے والا شو تھا جسے ایک رات میں 10 لاکھ سے زیادہ افراد دیکھتے تھے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں