Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ: لیپ ٹاپس میں ’روسی وائرس‘ کا انکشاف

لیپ ٹاپس میں موجود ’گاماریو آئی‘ وائرس کو مائیکروسافٹ نے 2012 میں شناخت کیا تھا۔ (فوٹو: پکسا بے)
برطانیہ میں حکومت کی جانب سے ہوم سکولنگ میں بچوں کی مدد کے لیے دیے جانے والے کچھ لیپ ٹاپس میں وائرس کی شناخت ہوئی ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق اساتذہ نے آن لائن فورم پر بریڈ فورڈ سکول میں بھیجے جانے والے لیپ ٹاپس میں مشکوک فائلوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ وائرس، جو روسی سرورز سے روابط ظاہر کرتا ہے، کچھ ہی سکولوں کو دیے گئے لیپ ٹاپس میں پایا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈپارٹمنٹ فار ایجوکیشن نے کہا ہے کہ وہ اس سے آگاہ ہے اور فوری تحقیقات کر رہا ہے۔
جب کہ ڈپارٹمنٹ فار ایجوکیشن کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ ’ہم کچھ ڈیوائسسز کے ساتھ ہونے والے اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور ہم ترجیحی بنیادوں پر اس مسئلے کو جلد سے جلد حل کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جن لوگوں نے شکایت کی ہے، ڈیپارٹمنٹ کی آئی ٹی ٹیمیں ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ (وائرس) وسیع پیمانے پر نہیں پھیلتا۔‘
لیپ ٹاپس بنانے والی فرم جیو کا کہنا ہے ’ہم اس مسئلے پر ڈپارٹمنٹ فار ایجوکیشن کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ہم نے ان کی تحقیقات کے دوران بھرپور معاونت کی ہے۔‘
ان ونڈوز لیپ ٹاپس میں ’گاماریو آئی‘ وائرس ہے، جسے مائیکروسافٹ نے 2012 میں شناخت کیا تھا۔
انفارمیشن سکیورٹی کنسلٹنٹ پال مورے کا گاماریو کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’یہ کسی بھی کمپیوٹر اور نیٹ ورک کے لیے سنگین خطرہ ہے۔‘
’گاماریو آئی‘ ایک جاسوس مال ویئر ہے جو صارفین کی براؤزنگ عادات اور نجی معلومات، جن میں بینکنگ تفصیلات بھی شامل ہیں، اکھٹی کرتا ہے۔
برطانوی حکومت سکولوں کو اب تک آٹھ لاکھ سے زائد لیپ ٹاپس بھیج چکی ہے۔ حکومت گھروں میں رسائی نہ رکھنے والوں بچوں میں دس لاکھ سے زائد ڈیوائسس کی تقسیم کی کوشش کر رہی ہے۔

شیئر: