Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نانا کہتے تھے ایک دن پاکستان کے لیے ضرور کھیلو گے‘

پاکستان ٹیم کا حصہ بننے والے نعمان علی کو یاسر شاہ نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔ فوٹو: پی سی بی
صوبہ سندھ کے علاقے سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے سپِن آل راؤنڈر نعمان علی کو کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں ٹیسٹ کیپ دی گئی۔ ان کی عمر 34 سال ہے اور وہ 14 سالوں سے فرسٹ کلاس کھیل رہے ہیں تب کہیں جا کر انہیں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا ہے۔
منگل کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دو کھلاڑیوں کا ڈیبیو کروایا ہے۔ ٹاپ آرڈر بیٹسمین عمران بٹ اور سپنر نعمان علی کو بالترتیب ٹیسٹ کیپ 242 اور 243 دی گئیں۔ میچ شروع ہونے سے پہلے گراؤنڈ میں بیٹنگ لیجینڈ یونس خان نے عمران بٹ کو ٹیسٹ کیپ پہنائی، جبکہ نعمان علی کو ٹیسٹ کیپ لیگ سپنر یاسر شاہ نے پہنائی۔ اس موقع پر کوچ مصباح الحق اور دیگر کھلاڑی بھی موجود تھے۔
نعمان علی فرسٹ کلاس میں خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) کی نمائندگی کرتے تھے اور اب ناردرن ریجن کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ اس کے علاوہ حیدرآباد ہاکس اور ملتان سلطان کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 79 فرسٹ کلاس میچز میں 285 وکٹیں حاصل کیں۔
فرسٹ کلاس سیزنز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نعمان علی نے گزشتہ تین سیزنز میں 158 وکٹیں لی تھیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں مستقل مزاجی سے کی گئی مسلسل اور انتھک محنت کے عوض انہیں منگل کو ٹیسٹ کیپ ایوارڈ کی گئی اور وہ جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اس موقع پر نعمان علی نے اپنے نانا کو یاد کیا اور کہا کہ ان کے نانا نے ہمیشہ کرکٹ کے شوق کو سپورٹ کیا۔ نعمان نے بتایا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کا ہمیشہ سے خواب تھا، اور اتنے برسوں سے انہوں نے اسی خواب کو حقیقت بنانے کے لیے محنت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میرے نانا ابو کی بڑی خواہش تھی وہ مجھ سے کہا کرتے تھے کہ تم ایک دن پاکستان کے لیے ضرور کھیلو گے۔‘

پاکستان کے سابق سپن بولر ثقلین مشتاق پریکٹس سیشن میں نعمان علی سے گفتگو کرتے ہوئے۔ فوٹو: نعمان علی ٹوئٹر

اس سے پہلے نعمان کے ماموں رضوان احمد فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں جبکہ قومی انڈر 19 ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ نعمان علی کے کہنا ہے کہ انہوں نے حیدرآباد کرکٹ گراؤنڈ میں اپنے ماموں کو پی آئی اے کی ٹیم کے خلاف کھیلتے دیکھا تھا، اسی میچ کے بعد انہیں ہارڈ بال کرکٹ کا شوق ہوا تو پھر ان کے ماموں نے انہیں ہارڈ بال کرکٹ سکھائی، وہی ان کے پہلے کوچ تھے۔
نعمان علی نے کہا کہ وہ اپنی فرسٹ کلاس کی فارم کو جاری رکھتے ہوئے قومی ٹیم میں بھی اتنا ہی بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے دوسرے کھلاڑی عمران بٹ کی عمر 25 سال ہے، وہ ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں اور لاہور قلندرز، لاہور لائنز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں صرف نئے کھلاڑی ہی نہیں بلکہ نئی لائیو ایکشن کیمرہ ٹیکنالوجی بھی متعارف کروائی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کے پاکستان میں کرکٹ میچ کوریج میں ’بگی کیمرہ‘ استعمال ہو رہا ہے۔
بگی کیمرہ لائیو ایکشن ریکارڈنگ کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے اور اس کو باؤنڈری لائن کے پاس سے کھیل کے دوران لائیو ایکشن ریکارڈنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کیمرے میں 10 گنا زوم کی سہولت موجود ہے اور یہ ریموٹ کنٹرول سے آپریٹ کیا جاتا ہے۔ زوم کی مدد سے باؤنڈری لائن کے پاس سے پچ پر ہونے والا ایکشن ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
پی سی بی اس ٹیسٹ سیریز میں تجرباتی بنیادوں پر بگی کیمرہ استعمال کر رہا ہے جس کے بعد اسے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن میں استعمال کیا جائے گا۔

شیئر: