Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج و عودہ کی خلاف ورزی پر کتنے برس کے لیے بلیک لسٹ؟

خروج وعودہ کی خلاف ورزی پر 3 برس کےلیے بلیک لسٹ کیا جاتا ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے) 
 سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پرعمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔
اردو نیوز کے قارئین کی جانب سے اپنی مشکلا ت اور مسائل کے حوالے سے مزید سوالات بھیجے گئے ہیں۔
رحیم جلیل  نے سوال کیا ہے کہ سال 2017 میں چھٹی پر آیا تھا اس کے بعد نہیں گیا معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا اب میں نئے ویزے پر دوبارہ مملکت جا سکتا ہوں؟ 
جواب: سعودی عرب کے ادارہ امیگریشن کے قانون میں خروج وعودہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 3 برس کے لیے بلیک لسٹ کیا جاتا ہے۔  
بلیک لسٹ کیے گئے افراد مقررہ مدت تک مملکت میں کسی بھی ویزے پر نہیں آ سکتے، مقررہ مدت کا نفاذ خروج وعودہ اور اقامہ کی مدت ختم ہونے کے بعد سے شمار کی جاتی ہے یعنی خروج عودہ اگر 6 ماہ کا ہے اور اس دوران واپس نہیں آیا جائے تو ایسے افراد کی فائل خود کار طریقے سے مدت ختم ہونے کے دو ماہ بعد یا کفیل کی جانب سے دی گئی درخواست پر سیز کر دی جاتی ہے اور انہیں ’خروج وعودہ ‘ کی خلاف ورزی کی کیٹگری میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ 
جہاں تک آپ کا مسئلہ ہے اپنے خروج عودہ اور اقامہ کی مدت دیکھ کر حساب لگائیں کیونکہ مدت کے تعین کے لیے ماہ اور دن کا حساب بھی رکھا جاتا ہے یہ بھی یاد رکھیں کہ سعودی عرب میں سرکاری طور پر ہجری کیلنڈر استعمال کیا جاتا ہے۔ 
یاد رکھیں کہ خروج وعودہ کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے لیے مقررہ بلیک لسٹ کی مدت میں ایک ہی طریقہ ہوتا ہے جس کے ذریعے وہ لوگ دوبارہ مملکت آ سکتے ہیں اس کے لیے سابق کفیل جس کے ویزے پر وہ پہلے مملکت میں مقیم تھے اگر وہ دوسرا ویزا جاری کرے تو اس پر آیا جا سکتا ہے۔ 

جوازات کی اصطلاح ’مرحل‘ کے معنی ہیں ڈی پورٹ کیا جانے والا شخص (فوٹو: عاجل)

شیراز احمد نے استفسار کیا ہے کہ میرا ایک دوست 3 برس قبل چھٹی گیا تھا اس کے بعد واپس نہ آ سکا، وزارت محنت کی ویب سائٹ پر اس کے بارے میں ’متغیب عن العمل‘ لکھا آ رہا ہے، کیا میرا دوست اب دوسرے ویزے پر آ سکتا ہے؟ 
جواب: آپ کا سوال واضح نہیں ہے کیونکہ قانون کے مطابق جو شخص خروج وعودہ پر مملکت سے جاتا ہے اس کا ’متغیب عن العمل‘ یعنی ’ہروب‘ فائل نہیں کیا جا سکتا نہ ہی ایسے کارکن کا خروج نہائی لگایا جا سکتا ہے جو خروج وعودہ پر گیا ہے۔ 
خروج وعودہ پر جا کر واپس نہ آنے والوں کے لیے ’خرج ولم یعد‘ کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے یعنی جا کر واپس نہ آنے والے اس حساب سے اگر دیکھا جائے تو آپ سے کوئی غلطی ہوئی ہے اگر آپ کے دوست نے خروج وعودہ ویزا حاصل کیا اور سعودی عرب کے امیگریشن ادارے میں اس کا ریکارڈ بیرون ملک گئے ہوئے لوگوں میں ہے تو یہ ناممکن ہے کہ اس کا ہروب فائل ہوا ہو۔ 
تاہم یہ ممکن ہے کہ آپ کے دوست نے خروج وعودہ حاصل کیا ہو اور وہ مملکت سے گیا ہی نہیں ہو جس پر اس کا ہروب فائل ہو گیا ہو اس صورت میں کیس ڈی پوٹیشن سینٹر کو فارورڈ کر دیا جاتا ہے۔ 

سعودی عرب میں سرکاری طور پر ہجری کیلنڈر استعمال کیاجاتا ہے۔ (فوٹو سوشل میڈیا)

دوسری صورت یہ ہو سکتی ہے کہ اگر آپ کا دوست مملکت سے مقررہ مدت کے دوران روانہ ہو گیا ہو اور وہ واپس نہیں آیا تو کفیل نے اس پر خروج وعودہ کی خلاف ورزی درج کر دی ہو اس صورت میں وہ 3 برس کے لیے مملکت نہیں آ سکتا۔ 
شعیب نور محمد کا سوال ہے میرے ایک دوست کا اسٹیٹس ’مرحل‘ آ رہا ہے اس کا کیا مطلب ہے؟ 
جواب: جوازات کی اصطلاح ’مرحل‘ کے معنی ہیں ڈی پورٹ کیا جانے والا شخص، ایسے افراد جو غیر قانونی طور پر مملکت میں قیام کرتے ہیں یا اقامہ قوانین خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہوئے گرفتار ہوتے ہیں انہیں ڈی پورٹ کیا جاتا ہے۔ 
ڈی پورٹ کیے جانے والے کے لیے ’مرحل‘ کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے ایسے افراد کو سزا کے طور پر مختلف مدت تک کے لیے مملکت میں بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے۔

شیئر: